سعودی عرب میں آتش زدگی کا ایک اور واقعہ، ایک شخص جاں بحق، پانچ زخمی

باحہ کے علاقے رغدان میں ایک گھر میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے مکینوں کو باہر نکلنے کا بھی موقع نہ دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 نومبر 2020 10:52

سعودی عرب میں آتش زدگی کا ایک اور واقعہ، ایک شخص جاں بحق، پانچ زخمی
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،3 نومبر2020ء) سعودی عرب میں رواں سال آتش زدگی کے واقعات میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ آئے روز کسی نہ کسی گودام، کاروباری مرکز یا رہائش گاہ میں آگ لگنے کا واقعہ سامنے آ رہا ہے۔ریاض اور جدہ میں آتش زدگیوں کے واقعات کے بعد اب باحہ ریجن میں کے ایک گھر میں خوفناک آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 1شخص جان بحق ہو گیا جبکہ پانچ جھُلس جانے کے باعث ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔

باحہ میں ہلال احمر کے ترجمان عماد الزہرانی نے بتایا کہ یہ آگ باحہ کے ایک قریہ رغدان کے ایک گھر میں لگی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ آگ پر قابو پانے میں خاصا وقت لگا۔ جس دوران گھر میں موجود6 افراد جھُلس گئے ۔ افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم 20 سال نوجوان بُری طرح جُھلس جانے کے باعث ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

جبکہ باقی پانچ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہیں، انہیں اگلے چند روز ہسپتال میں ہی علاج کی غرض سے رکھا جائے گا۔فی الحال اس آتشزدگی کے واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ ماہرین کی ٹیمیں اس حوالے سے تحقیقات کر رہی ہیں، اُمید ہے کہ جلد اس بارے میں پتا لگ جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ریاض میں سکاکا کی سبزی منڈی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں دُکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

اس آتشزدگی کے باعث 42 دُکانیں اور ان میں موجود سامان جل کر تباہ ہو گیا جس سے لاکھوں ریال کا مالی نقصان ہوا ہے تاہم خوش قسمتی سے تمام دُکاندار اور گاہک اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ الجوف ریجن کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کیپٹن عبد الرحمان بن عبد العزیز الضویحی نے بتایا ہے کہ سبزی منڈی میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ اطلاع ملنے کے فوراً بعد ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر روانہ کر دیا گیا۔ آگ پر بہت کم وقت میں کامیاب پا لیا گیا۔ تاہم اس دوران 850 مربع میٹر کے رقبے پر موجود دُکانیں جل کر تباہ ہو گئی تھیں۔