پنجاب حکومت گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے ریونیو شعبہ میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنارہی ہے‘بابر حیات تارڑ

امسال یکم اکتوبر سے جاری کھلی کچہریوں میں ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل اور شکایات کا بلا تاخیر ازالہ کیاجارہاہے‘سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب

منگل 3 نومبر 2020 12:55

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 نومبر2020ء) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ نے اپنے دورہ سرگودھا میں ریونیو سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے ریونیو شعبہ میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنارہی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہر ماہ کی پہلی کو تحصیل‘ ضلع او رڈویژن کی سطح پر ریونیو عوامی کھلی کچہریاں کا اجرائ کیا گیا ہیں جہاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنرسے لے کر حلقہ پٹواری تک موجود افسران عوام کو ایک ہی چھت کے تلے درستگی ریکارڈ ‘ فرد کے اجراء ‘انتقالات کا اندراج ‘ رجسٹری ‘ انکم سرٹیفکیٹ ‘ معائنہ ریکارڈ اور ڈومیسائل کے اجراء سمیت ریونیو سے متعلقہ دیگر تمام حل طلب معاملات فوری نمٹائے جاتے ہیں جبکہ جن میں پیچیدگیاں ہوں ان کو ترجہی بنیادوں پر حل کر دیا جاتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کو جدت او رٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور روایتی نظام کو بدلنے کیلئے E-FILLING کاپروگرام شروع کر دیا گیا ہے ۔ سیکرٹری بابر حیات تارڑ نے کہاکہ امسال یکم اکتوبر سے جاری کھلی کچہریوں میں ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل اور شکایات کا بلا تاخیر ازالہ کیاجارہاہے ۔ممبر بورڈ آف ریونیو نے رینویو عوامی کھلی کچہری میں کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود ‘ ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ او راے ڈی سی آر شاہ رخ خان کے ہمراہ سائلین کے مسائل سنے اور موقع پر حل کے احکامات جاری کئے ۔