پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی

فائرنگ سے ایف سی کا اہلکار شہید اور 2 جوان زخمی ہوگئے، دہشتگردوں نے فائرنگ منز کئی سیکٹر ژوب بلوچستان میں کی۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 3 نومبر 2020 19:15

پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں نے فائرنگ ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 نومبر2020ء) پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں نے فائرنگ کردی، فائرنگ سے ایف سی کا اہلکار شہید اور 2 جوان زخمی ہوگئے، دہشتگردوں نے فائرنگ منزکئی سیکٹر ژوب بلوچستان میں کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے پاکستانی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی ہے۔

سرحد پار سے فائرنگ منزکئی سیکٹرژوب بلوچستان میں کی گئی۔دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک ایف سی کا 22 سالہ نائیک فخر عباس شہیدہوگیا ہے۔ جبکہ فائرنگ سے دو جوان زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ یاد رہے پاکستان کی طرف سے افغان بارڈر مینجمنٹ کا معاملہ مسلسل افغان قیادت سے اٹھایا گیا ہے۔ لیکن ا س کے باوجود افغان قیادت کی طرف سے مئوثر بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی آمدورفت روکنے اور غیرقانونی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے آہنی باڑ لگائی گئی ہے۔ جس کے باعث پاکستان کے افغان بارڈر پر جہاں باڑ کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ان متعدد علاقوں میں دہشتگردوں کی آمدورفت، غیرقانونی اسمگلنگ اور اسلحے کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔ بارڈر پار دہشتگردی کے حوالے سے یہ علاقے محفوظ ہیں، جبکہ ان علاقوں میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشتگردوں اور بارودی سرنگوں کو ڈس کنیکٹ کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ابھی بھی جاری رہتا ہے۔

اس میں بھی اب کوئی شک نہیں رہا کہ بھارت افغانستان کے راستے پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے، بھارت کے حوالے سے متعدد ثبوت بھی مل چکے ہیں، کلبھوشن یادیو سب سے بڑا ثبوت ہے جس نے خود پاکستان میں دہشتگردی کروانے کا اعتراف کیا۔