ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے، اگر ملک کو بچانا ہے تو پنجاب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم

پنجاب کے سینئر مسلم لیگی نوازشریف کے ملک دشمن بیانیے کے خلاف آگے بڑھیں اور کوئی فیصلہ کریں تو سندھ بھی ان کا ساتھ دیگا، پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 4 نومبر 2020 23:12

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2020ء) سابق وزیراعلیٰ سندھ و پاکستان پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ ڈاکٹرارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے، اگر ملک کو بچانا ہے تو پنجاب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، عمران خان اور جنرل باجوہ اس وقت ملک کی ضرورت ہیں، پنجاب کے سینئر مسلم لیگی نوازشریف کے ملک دشمن بیانیے کے خلاف آگے بڑھیں اور کوئی فیصلہ کریں تو سندھ بھی ان کا ساتھ دے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے قاسم آباد حیدرآبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی عبدالرزاق راہموں، سابق ایم پی اے سیدجلال شاہ جاموٹ، سابق تحصیل ناظم خدابخش درس ودیگر بھی موجودتھے۔ارباب غلام رحیم نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ باغی بھی ہو جاؤں اور نظریاتی بھی ہو جاؤں، ان کی کہانی جنرل ضیاء الحق سے شروع ہوئی، ضیاء الحق اور محمد خان جونیجو نے مسلم لیگ بنائی تھی، اس وقت نوازشریف کو گروم کرنے کافیصلہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ فارن پالیسی خودمختیار ہو گی، جمہوریت کی آڑ میں پاکستان کا بیڑہ غرق کر دیا گیا،ملک چل نہیں پا رہا، ملک پر قرضہ ہے، اسٹیٹ نے فیصلہ کیا کہ احتساب کا عمل تیز ہوگا، نوازشریف ہمیشہ ہی جھوٹ بولتے ہیں، پہلے بیرون ملک جانے کے معاہدے سے انکار اوراس کے بعداعتراف کیا کہ ہاں دس سال نہیں بلکہ پانچ سال کا معاہدہ تھا۔

پاکستان اس وقت مشکل حالات میں ہے، اگر ملک کو بچانا ہے تو پنجاب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، میاں صاحبان نے ایک بار پھر جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ لگادیا ہے، سندھ میں جب کوئی کرپشن پر پکڑتا ہے تو مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کا نعرہ لگادیاجاتاہے، ایاز صادق اچھا آدمی ہے اس نے جو بات کی وہ اس سے کہلوایا گیا ہوگا، ملک کے خلاف سازش چل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان اور جنرل باجوہ ملک کی اس وقت ضرورت ہیں، نواز شریف پاکستان کو عراق اور لیبیا بنانا چاہتے ہیں، عوام متحد رہیں کیونکہ کچھ کرپٹ لیڈر انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بینظیر کی شہادت کے بعد پورے سندھ کو جلادیاگیا، دہشت گردی کی ابتداء وہاں سے ہوئی اوریہ دہشت تاحال چل رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مہنگائی ضرور ہوئی ہوگی لیکن مہنگائی کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے سامنے بند باندھنے کے لیے سندھ میں پیپلزپارٹی کو اقتداردیاگیا ہوگا، میں نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی اور نہ خود کرپشن کی اور نہ کسی کو کرنے کی اور اپنے دور میں عوام کی خدمت کی ہے۔