قومی کرکٹ ٹیم کو ’بدتمیز بلے بازوں‘ کی ضرورت ہے:انضمام الحق

ہمیں ٹاپ اور مڈل آرڈر بیٹنگ لائن میں حید علی جیسے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیئے :سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 نومبر 2020 13:43

قومی کرکٹ ٹیم کو ’بدتمیز بلے بازوں‘ کی ضرورت ہے:انضمام الحق
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 نومبر 2020ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان و چیف سلیکٹر انضمام الحق نے زمبابوے کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی دفاعی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم الیون کو ’کچھ بدتمیز قسم کے بلے بازوں‘ کی ضرورت ہے ۔ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے 50 سالہ انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان نے امام الحق اور عابد علی کو کھلایا جو دونوں ایک جیسے سٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے بلے باز ہیں ، اس سے پہلے امام الحق اور فخر زمان جب اوپننگ کرتے تھے تو فخر زمان اپنی جارحانہ بیٹنگ کے ذریعے سٹرائیک ریٹ زیادہ رکھتے تھے جب کہ امام الحق مکمل 50 اوورز کھیلتے تھے ،اگر زمبابوے کی یہ ٹیم نہ آتی تو ہمارے لیے مشکلات مزید بڑھ جاتیں ۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر میں تیز کھیلنے والے بلے بازوں کی ضرورت ہے کیوں کہ نمبر 3 پر کھیلنے والے بابراعظم بھی ہٹنگ نہیں کرتے جب کہ محمد رضوان اور حارث سہیل بھی کم و بیش انہی کی طرح بیٹنگ کرتے ہیں ، ہمارے ٹاپ 5 بلے بازوں میں ایک بھی ایسا بیٹسمین نہیں جو تیزکھیل سکے، یہ سب اچھے کھلاڑی ہیں لیکن مڈل آرڈر میں پاکستانی ٹیم کوایک یا دو بدتمیز قسم کے کھلاڑی ہونے چاہئیں جو آج کل کی کرکٹ کھیل سکیں اور ہماری ٹیم 300 سے 350 رنز سکور سکے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ حیدر علی ایک ایسے بلے باز ہیں جو مڈل آرڈر میں آکر تیز رفتاری سے رنز سکور کرسکتے ہیں۔