گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو معاملہ صرف گلگت بلتستان تک نہیں رہے گا، جی بی تا اسلام آباد شدید ردعمل آئیگا،پیپلز پارٹی

کسان کے قتل کے ذمہ دار وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب براہ راست ذمہ دار ہیں ،کیا مقتول کسان اشفاق لنگڑیال کا قصور ابھینندن اور کلبھوشن سے بڑا تھا، فیصل واوڈا کی کیوں سہولت کاری کی جارہی ہے، پلوشہ خان ، سسی پلیجو کی پریس کانفرنس

جمعہ 6 نومبر 2020 17:17

گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو معاملہ صرف گلگت بلتستان تک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 نومبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو معاملہ صرف گلگت بلتستان تک نہیں رہے گا، جی بی تا اسلام آباد شدید ردعمل آئیگا،کسان کے قتل کے ذمہ دار وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب براہ راست ذمہ دار ہیں ،کیا مقتول کسان اشفاق لنگڑیال کا قصور ابھینندن اور کلبھوشن سے بڑا تھا، فیصل واوڈا کی کیوں سہولت کاری کی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار پلوشہ خان اور سینیٹر سسی پلیجو نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پلوشہ خان نے کہاکہ لاہور میں ایک کسان کو احتجاج کرنے کے بدلے قتل کردیا گیا،عمران خان اور عثمان بوزدار اس قتل کے براہ راست زمہ دار ہیں،کیا مقتول کسان اشفاق لنگڑیال کا قصور ابھینندن اور کلبھوشن سے بڑا تھا، کسان لوگوں کی تجوریاں اور پیٹ بھرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج ایک ملزم جہانگیر ترین پاکستان پہنچا اور آرام سے گھر پہنچ گیا،گلگت بلتستان کا الیکشن کمیشن اس وقت عمران خان کے ذاتی نوکر کا کردار ادا کررہا ہے۔ پلوشہ خان نے کہاکہ جب ٹرمپ کا زوال آسکتا ہے تو عمران خان کیا چیز ہے۔ پلوشہ خان نے کہاکہ فیصل واوڈا کی کیوں سہولت کاری کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرکاری ملازمین چودہ نومبر کو اسلام آباد احتجاج کرنے آرہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ روزویلٹ کے بعد اب پی ٹی وی کی نجکاری کی کوشش ہورہی ہے۔ سینیٹر سسی پلیجو نے کہاکہ گلگت بلتستان میں پہلی بار خواتین الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں مگر انہیں سیکیورٹی نہیں دی جارہی ہے ،کیا الیکشن کمیشن کو وزیر امور کشمیر سمیت وفاقی وزرا اور وزیراعظم کی اثر اندازی نہیں نظر آرہی ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں خدشہ ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کو وہاں کی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن یرغمال بنانا چاہتی ہے ،الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو یہ معاملہ صرف گلگت بلتستان تک نہیں رہے گا، جی بی تا اسلام آباد شدید ردعمل آئے گا۔