پنجاب میں زرعی شعبہ 20 فیصد سموگ کے پھیلائو کا باعث ہے،کیپٹن (ر) محمد محمود

ہفتہ 7 نومبر 2020 19:23

راولپنڈی۔7نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07نومبر2020ء) :کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز پرانی ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے اینٹوں کے بھٹوں کی بندش، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فصلوں کی باقیات کو جلانے کی روک تھام کےلئے سخت کاروائی عمل میں لائیں، ڈپٹی کمشنرز کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زرعی شعبہ 20 فیصد سموگ کے پھیلائو کا باعث ہے جس میں فصلوں کی باقیات کو جلانے کا بڑا حصہ ہے، انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر 43 فیصد سموگ کے پھیلانے کا ذمہ دار ہے جس میں دھواں چھوڑتی گاڑیاں، ملاوٹ شدہ پٹرول، گاڑی کے انجن کی نامناسب دیکھ بال وغیرہ شامل ہیں، کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ سموگ کی روک تھام کے تمام متعلقہ ادارے بشمول محکمہ ماحولیات، ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور محکمہ زراعت پوری طرح متحرک ہوں اور مقرر کردہ ایس اوپیز کے نفاذ میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ سموگ سے جامع حکمت عملی کے تحت ہی نمٹا جا سکتا ہے اور ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنے فرائض جانفشانی سے سرانجام دیں، اس موقع پر ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اضلاع میں سموگ کی روک تھام کےلئے ہونے والی کاروائیوں کے بارے میں مطلع کیا