Live Updates

نواز شریف اپنے سارے سیاسی سفر میں اسی سسٹم کے بینیفشری رہے ہیں، اب وہ اپنے بیانیے سے ملک کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شبلی فراز

اتوار 8 نومبر 2020 00:25

اسلام آباد۔7نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2020ء) : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنے سارے سیاسی سفر میں اسی سسٹم کے بینیفشری رہے ہیں، اقتدار سے باہر ہونے کے بعد اب وہ اپنے بیانیے سے ملک کی بنیادوں کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ریاست کا دفاع حکومت کی ذمہ داری ہے اسلئے اپوزیشن کو جواب دینا بنتا ہے، ماضی کے حکمران بادشاہوں کی طرح رہتے تھے اور انہوں نے صرف ذات پر فوکس رکھا، عوام کو روٹی، کپڑا، مکان سمیت صحت اور تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا، ملک کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اخراجات میں کمی کی، حکومت اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے اصلاحات کر رہی ہے، دو سال میں اگر سارے مسائل حل کر لیتے تو یہ انسانی تاریخ میں ریکارڈ بن جاتا، مریم نواز خاتون ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز باتیں کرتی ہیں، بدعنوان عناصر کے خلاف ایک جیسا احتساب ہو گا اور شوگر کمیشن رپورٹ کی روشنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013ئ میں جب پی ٹی آئی نے خیبرپختونخواہ میں حکومت بنائی تو اسی طرح کی باتیں ہو رہی تھیں کہ یہ حکومت ڈلیور نہیں کر پا رہی تاہم گورننس کا تجربہ نہ ہونے کے باوجود وہاں پر اداروں میں اصلاحات کیں اور شفافیت لائے، لوگوں نے کارکردگی کی بنا پر دوبارہ پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرایا، اسی طرح مرکز میں بھی کارکردگی کی بنائ پر آئندہ انتخابات جیتنے کیلئے پر عزم ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جب اقتدار میں آئی تو خزانہ خالی تھا اور ملک پر قرضوں کی بھرمار تھی، ادارے غیرفعال تھے، گزشتہ چالیس سال سے باریاں لینے والوں نے اپنے دور میں کسی شعبے کی ترقی کیلئے کام نہیں کیا، موجودہ حکومت اداروں کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے اور فرسودہ نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور انہوں نے کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا اس کے باوجود اپوزیشن رہنمائوں نے ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، وزیراعظم عمران خان نے کبھی بھی خواتین کے بارے میں نازیبا زبان استعمال نہیں کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت گندم کی سپورٹ پرائس پر سیاست کھیل رہی ہے، پنجاب میں سب سے زیادہ 70 فیصد، سندھ میں 13 فیصد اور کے پی کے میں 6 فیصد گندم کی پیداوار ہوتی ہے، حکومت کسانوں کی سہولت کے مطابق سپورٹ پرائس مقرر کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کرپشن کی کرپشن کی ایک الگ داستان ہے، وہ بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں اور منی لانڈرنگ میں ملوث رہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہلی مرتبہ شوگر مافیا کے خلاف تحقیقات کرائیں، آصف علی زرداری اور شریف فیملی کی شوگر ملز ہیں، یہ لوگ چینی کی قلت پیدا کرتے ہیں اور ذخیرہ اندوزی کرواتے ہیں، کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں ہو رہی، پی ٹی آئی حکومت احتساب کے نعرے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے اور شوگر کمیشن رپورٹ کی روشنی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اتحادیوں کے گلے شکوے دور کرے گی۔ علی امین گنڈا پور کے مریم نواز کے بارے ریمارکس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں میں ایسی باتیں ہو جاتی ہیں، میرے خیال میں انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو قابل اعتراض ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات