سیٹلائٹ انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 20 سے 22نومبر تک پشاور میں کھیلا جائے گا، قمر زمان

اتوار 8 نومبر 2020 11:15

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2020ء) : پاکستان سکوائش فیڈریشن (پی ایس ایف)کے نائب صدر قمر زمان نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ 20 سے 22نومبر تک پشاور میں کھیلا جائے گا،جس کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں.، یہ انٹرنیشنل ایونٹ قومی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری کے لئے مدد گار ثابت ہوگا۔پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے پاکستانی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری کے لئے ملک بھر میں مختلف ایونٹ کی میزبانی دی ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے گذشتہ آٹھ مہینوں سے نہ صرف سکوائش بلکہ تمام کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی مقابلوں پر بھی پابندی لگا دی گئی تھی تاہم اب چونکہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے اس لئے رواں ماہ 20 سے 22نومبر تک پشاور میں سٹیلائٹ انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹ کا انعقاد کررہے ہیں جس میں مینز اینڈ وومن دونوں کیٹیگری کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ہر ایونٹ کے لئے ایک ایک ہزار ڈالر انعامی رقم رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس میں ٹاپ رینکنگ کے 16کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلے نہ ہونے کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ متاثر ہو رہی تھی جس کی وجہ سے پی ایس اے نے پاکستان کو کئی انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی دی ہے تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں بہتری آسکے۔

پی ایس اے کے مقابلوں میں صرف پاکستان کے ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور ایونٹ کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں بھی پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔اس سے قبل کوئٹہ میں پی ایس اے ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔قمر زمان نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ملک بھر میں اکیڈمیاں قائم کردی گئیں ہیں جس میں نئے کھلاڑیوں کو تربیت دے رہے ہیں اور ان میں باصلاحیت کھلاڑیوں آگے مواقع بھی دیں گے۔