بلوچستان کی سیاست میں ریاستی مداخلت کسی بھی صورت قبول نہیں ،ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ

بلوچستان میں قوم پرست و وطن دوست سیاسی کلچر کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،مرکزی صدر نیشنل پارٹی

اتوار 8 نومبر 2020 21:20

تربت(این این آئی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی سیاست میں ریاستی مداخلت کسی بھی صورت قبول نہیں بلوچستان میں قوم پرست و وطن دوست سیاسی کلچر کو ختم کرنے کی اجازت نہیں دینگے بلوچستان وطن دوست و قوم پرست قیادت و سیاست کا محور رہا ہے ،مصنوعی قیادت ایجاد کرنے اور سیاسی پارٹیاں تشکیل دینے کا سلسلہ بند کرنا ہوگا نیشنل پارٹی کی مقامی قیادت پارٹی کو گھر گھر پہنچانے اور منضم کرنے میں اپنا قومی کردار ادا کریں ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی آبسر تحصیل کے انتخابات کے بعد تحصیل کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ آبسر تحصیل کے انتخابات میں صدر محمداقبال، نائب صدر عبدالواحد بوھیر، جنرل سیکرٹری احسان درازئی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالمجید، انفارمیشن سکریٹری ثنااللہ بزنجو، فنانس سیکریٹری کریم جان نور، رابطہ سکریٹری عبدالحمید منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے مرکزی سیکریٹری جنرل جان محمد بلیدی، تحصیل صدر محمد اقبال اور جنرل سیکرٹری احسان درازئی نے بھی خطاب کیا۔انھوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو ضلع کیچ سمیت بلوچستان بھر میں فعال و منظم کرنے کی ضرورت ہے نیشنل پارٹی بلوچستان کی قومی پارٹی ہے انھوں نے کھاکہ بلوچستان کی سیاست میں مداخلت کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور سیاسی مداخلت کی وجہ سے بلوچستان کا سیاسی و قومی مسلہ سنگین تر ہوتا جارہا ہے۔

انھوں نے کھاکہ بلوچستان کا مسلہ قومی اور سیاسی ہے بلوچستان کے مسلے کو طاقت سے حل کرنے کی سوچ انتہائی منفی ہے اس سے مسائل و مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما محمد جان دشتی، واجہ ابوالحسن، قاضی غلام رسول، حمید انجینئر، ملا برکت، نثار بزنجو، محمد طاہر، مشکور انور، بی ایس او کے رہنما بوھیر صالح، قادر بخش، ڈاکٹر محمد نور،تحصیل تربت کے صدر فضیل کریم اور دیگر سیاسی رہنما بھی موجود تھے