Live Updates

کوئٹہ،نوازشریف ان کی صاحبزادی اور حواری ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قومی سلامتی کے اداروں پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں ، مبین خان خلجی

پیر 9 نومبر 2020 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 نومبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان خلجی نے کہا ہے کہ نوازشریف، ان کی صاحبزادی اور حواری ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قومی سلامتی کے اداروں پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں لیکن محب وطن شہری ان کے گندے کھیل کو ہرقیمت پر ناکام بنائیں گے۔ ایاز صادق نے جس طرح لاہور کے میر صادق کا کردار ادا کیاوہ شرمناک ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کی تحریک ناکام ہوگئی ہے اور محب وطن بلوچستان کے لوگوں نے ان کا ایجنڈا مسترد کردیا جس کی ابتدا جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور نواب ثنا اللہ زہری کا استعفی سے شروع ہوگیا ہے۔

ایاز صادق مستعفی ہو کر الیکشن لڑیں لاہور والے ان سے قومی اداروں کی تضحیک کا حساب خود لے لیں گے۔

(جاری ہے)

نوازشریف اور حواریوں نے ملک دشمنی کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں اورملک دشمن ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ تین بار وزیراعظم رہنے والے نوازشریف کو ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف ایسی گفتگو زیب نہیں دیتی۔ اقتدار سے محروم ہوتے ہی نوازشریف ملکی اداروں کے خلاف زہراگلنا شروع کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے گندے کھیل کو ملک دشمنوں کی آشیرباد حاصل ہے لیکن قومی اداروں کے خلاف کی جانے والی ہرسازش ناکامی سے دوچار ہوگی۔ ملکی سلامتی کے ادارے پاکستان کے دفاع کی ضمانت ہیں۔ ہم ان کے خلاف چلائی جانے والی اس مہم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف محب وطن شہریوں کی مدد سے ملکی اداروں کے خلاف اپوزیشن کی سازش کو ناکام بنائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات