شہباز شریف کیخلاف دھیلے کی کرپشن نہیں ملی تو عمران خان کے کہنے پر جان بوجھ کر جیل میں صحت خراب کی جارہی ہے ‘ مریم اورنگزیب

سلیکٹڈعمران صاحب شہباز شریف شریف کو بند کر کے آپ کی تباہ کی ہوئی معیشت ٹھیک اور عوام کو روزگار نہیں ملا‘ ترجمان (ن) لیگ

منگل 10 نومبر 2020 12:59

شہباز شریف کیخلاف دھیلے کی کرپشن نہیں ملی تو عمران خان کے کہنے پر جان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 نومبر2020ء) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو عمران خان نے خوفزدہ ہو کر گرفتار کیا ہوا ہے ،شہباز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملی تو جان بوجھ کے عمران خان کے حکم پر ان کی صحت خراب کی جا رہی ہے،شہباز شریف کو گرفتار کر کے عوام کو آٹا اور روٹی نہیں ملتی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈعمران صاحب شہباز شریف شریف کو بند کر کے آپ کی تباہ کی ہوئی معیشت ٹھیک اور عوام کو روزگار نہیں ملا،گیس بجلی سستی نہیں ہو گئی ،ادوئیات سستی نہیں ہوئیں ۔عمران صاحب شہباز شریف کو گرفتار کر کے عوام فارن فنڈنگ اکائونٹس نہیں بھولے ،شہباز شریف کو جیل میں ڈاکٹر کی رسائی نہ دے کر عوام آٹا چینی چور جہانگیر ترین اور علیمہ باجی کو دیا این آر او نہیں بھولے ،شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لا کر عوام کو ووٹ ، آٹا، چینی ، گیس بجلی چوری نہیں بھولے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب شہباز شریف کو گرفتار کر لیں عوام پھر بھی بی آر ٹی پشاور میٹرو کے 126 ارب کے کھڈے نہیں بھولیں گے ،ہیلی کاپٹر ، مالم جبا ، بلین ٹری سنامی میں آپ کا ڈاکہ نہیں بھولیں گے ،شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جیل میں قانون کے خلاف اذیت دے لیں عوام آپ کی نالائقی ، نااہلی اور چوری نہیں بھولیں گے ،عمران صاحب احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، عوام سب جانتی ہے۔