چودھری شجاعت حسین کی عیادت کیلئے جسٹس (ر) ثاقب نثار، سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور دیگر شخصیات کی ہسپتال آمد

چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، شافع حسین اور سالک حسین سے ہسپتال میں مختلف رہنمائوں کی بھی ملاقاتیں، چودھری شجاعت حسین کی صحت پہلے سے بہت بہتر ہے، سی ٹی سکین کیا گیا، پانچویں روز چہل قدمی بھی کی اسلام آباد میں چودھری وجاہت حسین سے جنرل چشتی، غوث علی شاہ، سینیٹر طلحہ محمود، مشال ملک اور دیگر کی ملاقات، چودھری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کیلئے دعا

منگل 10 نومبر 2020 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی سروسز ہسپتال میں صحت پہلے سے بہت بہتر ہے، ڈاکٹروں نے بتایا کہ چودھری شجاعت حسین کا سی ٹی سکین کر لیا گیا ہے، انہوں نے آج پانچویں روز چہل قدمی بھی کی۔ دریں اثناء ہسپتال میں مزاج پرسی کیلئے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں انہوں نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، شافع حسین اور سالک حسین سے چودھری شجاعت حسین کی طبیعت بارے دریافت کیا اور ان کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ان میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، میاں مصباح الرحمن، صوبائی وزراء مراد راس، میاں اسلم اقبال، راجہ راشد حفیظ، جی ایم سکندر، سعید اکبر نوانی ایم پی اے، حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی، سابق صوبائی وزیر زعیم حسین قادری اور سابق نائب ناظم ادریس حنیف جبکہ اسلام آباد میں چودھری وجاہت حسین سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل چشتی، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ، سینیٹر طلحہ محمود، حریت رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک، سعودی سفیر کے سیکرٹری وقار عزیز، اکرام بیگ، مسلم لیگی رہنما مہ جبیں اور سلیم ٹونی بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین کی عیادت کی۔ چودھری پرویزالٰہی، مونس الٰہی، شافع حسین اور سالک حسین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چودھری شجاعت حسین کی جلد از جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعائوں کا سلسلہ بھی جاری رکھیں۔