امریکہ کی خاتون اول نے طلاق کے بعد ٹرمپ سے بڑی رقم ہتھیانے کی تیاریاں شروع کر دیں

ٹرمپ سے علیحدگی کی صورت میں میلانیا کو 5 کروڑ ڈالرز ملیں گے، ٹرمپ اس سے قبل اپنی دو سابقہ بیویوں کو اتنی رقم دے چکے ہیں

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 11 نومبر 2020 01:03

امریکہ کی خاتون اول نے طلاق کے بعد ٹرمپ سے بڑی رقم ہتھیانے کی تیاریاں ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 10 نومبر 2020ء) صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی ناکامی کے بعد امریکی صدر کی اہلیہ میلانیا نے شوہر سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے اہم انکشاف سامنے آیا ہے کہ میلانیا کی ڈونلڈ ٹرمپ سے علیحدگی کے پیچھے صرف ٹرمپ کی شکست نہیں ہے بلکہ میلانیا کروڑوں ڈالر ہتھیانا چاہ رہی ہیں ۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیدار نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ انتخابات میں شکست کے بعد میلانیا ٹرمپ ایک ایک منٹ گن کر گزار رہی ہیں کیونکہ انہوں نے وائٹ ہاؤس سے بے دخل ہونے کے بعد ٹرمپ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے انکشاف کیا تھا کہ ٹرمپ کے عام شہری بننے کے بعد میلانیا اُن کے ساتھ رہنا پسند نہیں کریں گی کیونکہ پہلے ہی دونوں نے اپنے کمرے علیحدہ کرلیے ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میلانیا ٹرمپ نے صدر بننے سے پہلے ٹرمپ کے ساتھ باقاعدہ ایک معاہدے کے تحت شادی کی تھی۔ معاہدے کے مطابق دونوں کے درمیان اگر اب علیحدگی ہوتی ہے تو ٹرمپ میلانیا کو 5 کروڑ ڈالرز کی کثیر رقم دینا ہوگی ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ٹرمپ اپنی دو سابقہ بیویوں کو علیحدگی کے باعث اتنی ہی رقم دے چکے ہیں ۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ دونوں ہی امریکی انتخابی نتائج کو غیر شفاف اور دھاندلی زدہ کہہ چکے ہیں ۔ امریکی صدر نے انتخابی نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنے کے لیے درخواستیں بھی دے رکھی ہیں ۔ امریکی صدارتی انتخابات میں جو بائیڈن ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے کر امریکہ کے 46 ویں صدر منتخب ہو چکے ہیں ۔