اسرائیلی جیل میں مزیدآٹھ فلسطینی قیدی کرونا کا شکار

جلبوع جیل کے تمام وارڈ بند کر دیے گئے ہیں اور جیل کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا ہے،فلسطینی میڈیا

بدھ 11 نومبر 2020 14:52

غرب اردن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 نومبر2020ء) اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل جلبوع میں مزید 8 فلسطینی قیدیوں کے کرونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق صہیونی حکام نے جلبوع شہر میں کرونا کا شکار ہونے والے 8 قیدیوں کو رامون جیل میں ڈال دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق فلسطینی محکمہ امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ جلبوع جیل کے تمام وارڈ بند کر دیے گئے ہیں اور جیل کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی حکام نے متعدد فلسطینیوں کے کرونا کے ٹیسٹ لیے جن میں سے 8 کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل اس جیل میں قید 90 سے زاید فلسطینیوں کو کرونا کا شکار ہونے کے بعد قید تنہائی میں ڈال دیا گیا ہے۔صہیونی حکام نے جلبوع جیل میں قیدیوں اور ان کے اقارب سے ملاقاتوں پر پابندی عاید کردی ہے اور طولکرم، سفلیت اور قلقیلیہ سے تعلق رکھنے والے ملاقاتوں کو کسی دوسری جیل میں بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔فلسطینی محکمہ اسیران کے مطابق صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو کسی قسم کا طبی تحفظ حاصل نہیں ہے۔ قابض حکومت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسیران کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔