ڈی جی سپورٹس اوپن ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی

جمعرات 12 نومبر 2020 18:31

ڈی جی سپورٹس اوپن ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی
ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2020ء) پشاورمیں جاری ڈی جی سپورٹس اوپن ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی گزشتہ روز چیمپئن شپ کے فائنل پشاور سپورٹس کمپلیکس میں منعد ہوئے اس موقع پرڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خان خٹک مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز سید ثقلین شاہ ‘ڈائریکٹر پراجیکٹس مراد علی مہمند‘ڈپٹی ڈائریکٹر عزیز اللہ جان‘اے ڈی اکائونٹس امجد اقبال ‘کے پی اولمپک کے ذوالفقار بٹ‘سینئر کوچ شفقت اللہ ‘صوبائی ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر‘صدر ڈی آئی جی محمد سلیم مروت‘سیکرٹری عمرایاز خلیل‘ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین اللہ خان‘ذاکر اللہ ‘محمود بنگش کوچزسمیت دیگر شخصیات موجود تھیں‘مینز سنگلز کے فائنل میں پاکستان نمبر ون عقیل خان نے شعیب کے خلاف چھ چار اور سات چار سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی جیت لی‘عقیل خان خصوصی طور پر ان مقابلوں میں شرکت کے لئے پشاور آئے اور انہوں نے نہ صرف مقابلوں میں شرکت کی بلکہ کھلاڑیوں کو ٹپس بھی دیں جس سے ان کے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے عقیل خان اس سے قبل بھی کئی اہم مقابلوں میں پشاور میں شرکت کرچکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ انہیں پشاور آنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ یہاں ہی پیدا ہوئے اورپشاور ان کا ہوم ٹائون ہے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور اب جس طرح سے یہاں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اس سے یہاں سے مزید کھلاڑی اوپر آئیں گے انہوں نے ٹینس کورٹس میں مشینوں کے ذریعے کھلاڑیوں کی تربیت کے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر جو اقدامات ہورہے ہیں اسی طرح خیبرپختونخوا میں بھی جاری ہیں جس پر یہاں کی حکومت اور متعلقہ افسران مبارکباد کے مستحق ہیں‘انڈر10 کے فائنل میں ایم شایان آفریدی نے زین رومان کے خلاف چھ تین اور چھ دو سے کامیابی اپنے نام کی‘انڈر14 کے فائنل میں حمزہ رومان نے شاہ سوار کے خلاف چھ تین اور چھ ایک سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی‘انڈر16 فائنل میں کاشان عمر نے حامد اسرار کے خلاف سخت مقابلے کے بعد سات چھ ‘چار چھ اور دس آٹھ سے ٹرافی اپنے نام کی‘لیڈیز سنگلز مقابلوں میں اورین نے فاطمہ کے خلاف چھ ایک اور چھ ایک سے کامیابی حاصل کی‘آخر میں مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور ایک لاکھ پچیس ہزار سے زائد کے نقد انعامات تقسیم کئے ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کا کہناتھا کہ صوبہ بھر میں کھلاڑیوں کو بہترین سہولتوں کے لئے کوشاں ہیں اور اب صوبہ بھر میں مختلف کھیلوں میں جدید مشینوں کے ذریعے کھلاڑیوں کی تربیت کا آغاز ہوگیا ہے اس سلسلے کا آغاز پشاور سے کیا ہے اور مستقبل میں اسے تمام اضلاع تک بڑھائیں گے انہوں نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی ان سے بھرپور فوائد حاصل کریں گے ۔