وزیراعظم چور چور کا شور مچا کر اپنے چوروں کو بچانا چاہتے ہیں،پروفیسر محمد ابراہیم خان

جمعرات 12 نومبر 2020 19:51

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2020ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم چور چور کا شور مچا کر اپنے چوروں کو بچانا چاہتے ہیں،ان کا روزانہ بیان آتا ہے کسی کو نہیں چھوڑوں گا لیکن آج تک کسی کونہیں پکڑ سکے۔دراصل اختیار وزیر اعظم کی بجائے حکومت میں موجود مافیا کے پاس ہے جس کی بدولت اڑھائی سالوں میں مہنگائی اور بے روزگاری بے قابو ہونے کے ساتھ ساتھ ہر طرف بدامنی اور لاقانونیت ہے اور مایوسی کے اندھیروں میں ڈوبی قوم کو روشنی کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی۔

یہاں پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ عوام کا بدترین استحصال کا شکار ہیں، بجلی تیل اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے ایک بار پھر عوام پر سات ارب روپے کا بوجھ ڈالا گیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بڑے بڑے اعلانات کر نے کے بعد یوٹرن لئے اور قوم کو بتایا کہ بڑا لیڈر وہی ہوتاہے جو بڑے یوٹرن لیتاہیوعدوں سے انحراف نے حکومت کی ساکھ ختم کر دی ہے اور اب وزراء اور وزیراعظم کے خوشنما اعلانات پر کوئی کان دھرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہر وہ کام کیا جس کے نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن جن کاموں کے کرنے کا وعدہ کیاتھا، ان میں سے کوئی ایک کام نہیں کر سکی،سابقہ حکومتوں میں ناکامیوں اور کرپشن کی داستانیں رقم کرنے والوں کو نہلا دھلا کر موجودہ حکومت میں بھرتی کر لیا گیا ہے یہ لوگ اب عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی یکساں احتساب اور ایسا معاشی نظام چاہتی ہے جو سود سے پاک ہو،ملک کی تقدیر دیانتدار قیادت ہی بد ل سکتی ہے جو صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔ #