Live Updates

لاہور،’’میثاق ٹو‘‘میں اقتدارمیں رہ کر سر انجام دئیے گئے ’’کارنامے ‘‘بھی قوم کے سامنے رکھے جائیں‘ہمایوں اختر

جمعرات 12 نومبر 2020 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوںاخترخان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اے پی سی کی26نکاتی ایجنڈے پرتحریک شروع کرنے کے بعدنئے میثاق کی تیاری کا اعلان ثابت کرتاہے کہ ان کے پاس حکومت کیخلاف محاذکھولنے کاکوئی جواز نہیں تھا،پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ ’’میثاق ٹو‘‘میں کئی دہائیوں تک اقتدارمیں رہ کر سر انجام دئیے گئے اپنے ’’کارنامے ‘‘بھی ضرور قوم کے سامنے رکھیں،بلاول زرداری نے پی ڈی ایم بننے کے بعد انتہائی میچورٹی کا ثبوت دیا ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے دفترمیں وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوںاخترخان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پی ڈی ایم کے کندھوںپر بندوق رکھ کراپنی گیم پلان کررہی ہے اورپیپلز پارٹی سمیت دوسری جماعتیں اس سے اچھی طرح آگاہ ہیں ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتیں ضرورنیا میثاق کریں لیکن اس کے پیچھے صرف اقتدار کے حصول کی سوچ نہیںہونی چاہیے بلکہ ملک کودرپیش مسائل کا احاطہ اوران کے حل کیلئے تجاویز بھی پیش کی جائیں ۔

’’میثاق ٹو‘‘ میںملک کی جڑوںکو کھوکھلے کرنے والے ناسورکرپشن کابھی ذکرہونا چاہیے کہ ہم توبہ تائب ہو کر لوٹی ہوئی دولت واپس کر کے اس کیخلاف موثرمہم چلائیں گے۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ تباہ حال معیشت اورکوروناوباء کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی غیر معمولی پالیسیوں سے معیشت کوسہارادینے کی کوشش کی گئی اوراسے پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے ۔اب اس ملک میں جس نے بھی سیاست کرنی ہے اسے قومی مفادات کو ذاتی مفادات پر ترجیح دینا ہو گی اور وہی جماعت عوام کے دلوں پر حکمرانی کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات