الطاف حسین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

اشتعال انگیز تقاریر کیس میں بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین بھی انتہائی مطلوب دہشت گرد ہیں، ایف ائی اے

جمعرات 12 نومبر 2020 23:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2020ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کی انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست منظر عام پر آگئی جس میں ملک بھر سے ایک ہزار 210 مطلوب ملزمان کا نام شامل ہے۔ایف آئی اے کی فہرست کے مطابق اشتعال انگیز تقاریر کیس میں بانی متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین بھی انتہائی مطلوب دہشت گرد ہیں۔کیس میں الطاف حسین کے علاوہ محمد انور بھی ایف آئی اے کے انتہائی مطلوب ہیں۔

انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ناصرمحمود بٹ بھی شامل ہے جن کا نام جج ویڈیوسکینڈل کے بعد فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ فہرست میں سابق صدر مملکت پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اور شجاع خانزادہ پر خودکش حملوں کے ملزمان بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کے اغواء میں ملوث ملزمان کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے نے ممبئی حملہ کیس میں نامزد ملزمان کو بھی اس فہرست میں شامل کیا ہے۔صوبوں کے حساب سے اگر دیکھا جائے تو اس فہرست میں خیبر پختونخوا کے سب زیادہ 737 انتہائی مطلوب ملزمان ہیں۔اس کے بعد بلوچستان کے 161، پنجاب کے 122، سندھ کے 100 اور اسلام آباد کے 32 ملزمان ایف آئی اے کو انتہائی مطلوب ہیں۔ایف آئی اے کی فہرست میں گلگت بلتستان کے بھی 30 ملزمان ایف آئی اے کو انتہائی مطلوب ہیں۔