جامعہ کراچی کو فری وائی فائی سروس فراہم کی جائے گی، ،نواب محمد تیمور تالپور

کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی جانب سے شجرکاری مہم کاافتتاح لائق تحسین ہے،شجرکاری کا فروغ اور اس پر عملدرآمد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اوروزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی اولین ترجیحات اور سندھ حکومت کی پالیسی میں شامل ہے،وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سندھ

جمعرات 12 نومبر 2020 23:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2020ء) وزیر برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سندھ نواب محمد تیمور تالپور نے کہا کہ کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کی جانب سے شجرکاری مہم کاافتتاح لائق تحسین ہے۔شجرکاری کا فروغ اور اس پر عملدرآمد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اوروزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ کی اولین ترجیحات اور سندھ حکومت کی پالیسی میں شامل ہے۔

سندھ کے کسی بھی شہر میں سرکاری ہو یانجی کسی بھی پروجیکٹ کے آغاز سے قبل شجرکاری لازمی قراردے دی گئی ہے۔جس حساب سے آبادی اور صنعتی اداروں میں اضافہ ہورہاہے اس کے لئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری ناگزیرہے۔مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران اس حوالے سے عملی اقدامات کررہے ہیں جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے تناظر میں کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کے زیر اہتمام منعقدہ شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نواب تیمور تالپور نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں کی آٹھ جامعات جس میں کراچی ،لاڑکانہ،سکھراور نوابشاہ شامل ہیں کو فری وائی فائی سروس فراہم کی جارہی ہے ۔انہوں نے جامعہ کراچی کو فری وائی فائی سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں جامعہ کراچی کے ایوان لیاقت گرلز ہاسٹل کو فری وائی فائی کی سروس فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ شجرکاری مہم بہت اچھا اقدام ہے اور ہر سال شجرکاری مہم میں لاکھوں پودے لگائے جاتے ہیں لیکن افسوسناک امریہ ہے کہ نگہداشت اور دیکھ بھال نہ ہونے کیوجہ سے ہزاروں پودے جل جاتے ہیں۔معاشرے کے ہر فرد پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان پودوں کی نگہداشت کے لئے اپنا اپنا کردار اداکریں تاکہ یہ مستقبل میں ایک تناور درخت کی شکل اختیار کرے۔

ایک صحت مند اور ماحول دوست معاشرے کے قیام کے لئے ہم سب پر یہ ذمہ داری عائدہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور شجرکاری مہم کی سرگرمیوں میں حصہ لیں ۔کراچی میں موجود کروڑوں افراد آلودگی کے نقصانات سے نبرد آزما ہیں، شجرکاری کے ذریعہ گلوبل وارمنگ، زمین کے کٹاو، فضائی آلودگی اورسیلابی تباہ کاریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کے تحت جامعہ کراچی کی پچیس ایکٹر اراضی پر جامعہ کراچی اور فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف کے اشتراک سے تقریباً ایک لاکھ پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ۔

جس میں جامعہ کراچی سندھ حکومت کے فاریسٹ اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے کام کر رہا ہے۔ڈاکٹر خالد عراقی نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ کراچی اور شہر کو سرسبز بنانے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار اداکرنا ہوگا،ہمارے نوجوان ہی ہمارامستقبل ہیں اور ایک سرسبز پاکستان کا خواب آپ سب کے تعاون سے ہی شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔ہمیں وقت کی قدر کرتے ہوئے اسے ضائع کرنے کے بجائے معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کرنا چاہیئے۔

چیئر مین کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول ڈاکٹر محمد عاصم نے کہا کہ شعبہ ہذا میں تدریسی وتحقیقی سرگرمیوںاور صنعتی اداروںکے لئے ان کی ضروریات کے مطابق افرادی قوت کی تیاری کے ساتھ ساتھ معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہیں۔آج کی تقریب 10 بلین ٹری سونامی پروجیکٹ کا حصہ ہے۔انہوں نے تقریب میں شرکت پر نواب تیمور تالپور، شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔