نواز شریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ انتہائی مطلوب دہشتگرد قرار

ایف آئی اے نے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری کردی، جج ارشد ملک ویڈیو سکینڈل میں مفرور ملزمان ناصر بٹ اور میاں سلیم کے نام شامل

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 12 نومبر 2020 23:01

نواز شریف کے قریبی ساتھی ناصر بٹ انتہائی مطلوب دہشتگرد قرار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 12 نومبر2020ء) ایف آئی اے نے نواز شریف کے قریبی رہنما ناصر بٹ کو انتہائی مطلوب دہشتگرد قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی فہرست جاری کی گئی ہے، ایف آئی اے کی ریڈ بک میں جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل میں مفرور ملزمان ناصر بٹ اور میاں سلیم رضا کے نام شامل کیے گئے ہیں ۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کی ریڈ بک میں 1210 افراد کو انتہائی مطلوب دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے اس فہرست میں جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی ملزمان ناصر بٹ اور میاں سلیم رضا کو بھی انتہائی مطلوب دہشت گرد قرار دیا ہے۔ ناصر بٹ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں، اور ان دنوں ناصر بٹ بھی لندن میں موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ کئی اہم شخصیات بھی اس فہرست میں شامل ہیں ۔ خیال رہے ناصر بٹ کا نام اس وقت خبروں کی زینت بنا جب جج ارشد ملک کی ویڈیو لیک ہوئی۔ویڈیو میں ناصر بٹ کو دیکھا جا سکتا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی ویڈیو سامنے لے کر آئی تھیں جس میں احتساب عدالت کے جج کی ویڈیونوازشریف کے چاہنے والے ن لیگی ناصر بٹ ے بنائی،ویڈیو میں جج صاحب تسلیم کررہے ہیں کہ میں بہت پریشان ہوں، میں نے ظلم کیا، میرا ضمیرمجھے جھنجھوڑ رہا ہے،جج صاحب نے ناصر بٹ کو خود گھر بلا کر ثبوت پیش کیے اور کہا کہ نوازشریف بے قصور ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ناصر بٹ کا تعلق ن لیگ سے ہے تاہم وہ پاکستان میں 2قتل کیے جانے کے مقدمے میں بھی نامزد ہیں اور ان پر کئی اور کیسز بھی ہیں۔