ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز کے لیے میدان تیار

ملتان سلطانز، لاہور قلندرز، کراچی کنگزاور پشاور زلمی کے مابین ایونٹ کی چمچماتی ٹرافی اور پانچ لاکھ امریکی ڈالر پر مشتمل انعامی رقم کے لیے مقابلہ کل سے شروع ہوگا

جمعہ 13 نومبر 2020 16:30

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز کے لیے میدان تیار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2020ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے بقیہ میچز کے لیے میدان تیار ہوگیا۔ ایونٹ کے پلے آف مرحلے کا آغاز 14 نومبر بروز ہفتہ سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا۔
پوائنٹس ٹیبل کی دوٹاپ ٹیمیں، ملتان سلطانز اور کراچی کنگز  ایونٹ کے پہلے کوالیفائر میں 14 نومبر کومدمقابل آئیں گی۔ کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث تعطل کا شکار ایونٹ کے بقیہ میچوں کا انعقاد 8 ماہ بعد ہورہا ہے۔


ہفتے کے روز شیڈول دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی  کی ٹیمیں ایلیمنٹر 1میں مدمقابل آئیں گی۔ کوالیفائر ہارنے والی ٹیم ایلیمنٹر 1 کی فاتح ٹیم کے ساتھ اتوار کو شیڈول ایلیمنٹر 2 میں مدمقابل آئے گی۔ ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)


ایونٹ کے بقیہ میچوں میں شریک چار ٹیموں کے حتمی اسکواڈز مندرجہ ذیل ہیں:
کراچی کنگز: عماد وسیم (کپتان) ، عامر یامین ، ایلکس ہیلز(انگلینڈ) ، ارشد اقبال ، اویس ضیا ء، بابر اعظم ، کیمرون ڈیلپورٹ (جنوبی افریقہ) ، چیڈوک والٹن (ویسٹ انڈیز) ، افتخار احمد ، محمد عامر ، محمد رضوان ، شرجیل خان ، روتھر فورڈ (ویسٹ انڈیز) ، عمید آصف ، عمر خان ، اسامہ میر ، وقاص مقصود اور وائن پارنیل (جنوبی افریقہ)
لاہور قلندرز: سہیل اختر (کپتان) ، تمیم اقبال (بنگلہ دیش) ، فخر زمان ، محمد حفیظ ، ڈیوڈ ویزے (جنوبی افریقہ) ، شاہین شاہ آفریدی ، عثمان شنواری ، سمت پٹیل (انگلینڈ) ، حارث رؤف ، آغا سلمان ، بین ڈنک ( آسٹریلیا) ، فرزان راجہ ، جاہد علی ، عابد علی ، محمد فیضان ، معاذ خان ، ڈین ویلاز (جنوبی افریقہ) اور دلبر حسین
ملتان سلطانز: شان مسعود (کپتان) ، ایڈم لیتھ (انگلینڈ) ، علی شفیق ، بلاول بھٹی ، برینڈن ٹیلر (زمبابوے) ، عمران طاہر (جنوبی افریقہ) ، جوئے ڈینلی (انگلینڈ) ، جنید خان ، خوشدل شاہ ، محمد الیاس ، محمد عرفان ، روی بوپارہ (انگلینڈ) ، رائیلی روسو (جنوبی افریقہ) ، روحیل نذیر ، شاہد آفریدی ، سہیل تنویر ، عثمان قادر اور ذیشان اشرف
پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان) ، عامر علی ، عادل امین ، کارلوس برتھ ویٹ (ویسٹ انڈیز) ، فاف ڈو پلیسی (جنوبی افریقہ) ، حیدر علی ، ہارڈس ویلجوئن (جنوبی افریقہ) ، امام الحق ، کامران اکمل ، خرم شہزاد ، محمد عمران ، محمد محسن ، راحت علی ، ثاقب محمود ، شعیب ملک ، صہیب مقصود ، عمر امین اور یاسر شاہ
اس حوالے سے تمام ٹیموں کے کپتانوں نے ٹائٹل جیتنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے:
ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہت پرجوش اور ان بقیہ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ایونٹ کے کوالیفائر میں شرکت سے ہمارے کھلاڑی بہت پراعتماد ہیں اور بطور کپتان اسی اعتماد کا فائدہ اٹھا کروہ اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں سے بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں ایونٹ کے پلے آف میچز کے انعقاد پر بہت خوش ہیں اور اس حوالے سے وہ منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کا اسکواڈ باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اوروہ  وسیم اکرم جیسے لیجنڈری کرکٹر کی کیمپ میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھاکر ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا ہے کہ وہ ایک بار پھر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز کے آغاز پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میں بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور انہیں مکمل اعتماد ہے کہ بیٹسمین حریف باؤلرزکے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کریں گے، شاہین آفریدی اور حارث رؤف سمیت باصلاحیت باؤلرزتو  ہماری ٹیم کی پہچان ہیں۔


پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ بقیہ میچز کے انعقاد سے ہمیں ایک بار پھر ٹائٹل جیتنے کا موقع مل رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور کپتان اپنی کارکردگی سے اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کو دباؤ سے نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔