سندھ میں مہاجر حکومتوں کے مظالم کا شکا رہیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت ذوالفقار علی بھٹو کے مہاجروں پر مظالم کو دہرارہی ہے،چیئرمین ایم آئی ٹی

جمعہ 13 نومبر 2020 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2020ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے اپنے امریکا کے دورے میں مختلف ریاستوں میں مہاجر سوچ اور فکر رکھنے والے رہنماؤں ، دانشوروں ، ادیبوں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے پاکستان میں مہاجروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وہ اگلے ہفتے اپنا دورہ امریکا ختم کرکے واپس پاکستان پہنچیں گے۔

ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ سندھ کے شہری علاقوں میں پیپلزپارٹی کی حکو مت نے مہاجروں کے ساتھ وہی طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے 1972ء میں پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے متعصب نسل پرست کزن ممتاز بھٹو نے مہاجروں کے ساتھ اختیار کیا ہوا تھا۔ اب بھی مہاجروں کو تعلیم، ملازمت سے محروم رکھا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

مہاجر صنعت کاروں اور تاجروں کو دیوار سے لگادیا گیا ہے ۔

انہیں مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ اپنا کاروبار اونے پونے داموں فروخت کردیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں مہاجر قیادت تو منتشر ہے لیکن مہاجر قوم آج بھی پہلے سے زیادہ متحد ہیں اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اس تمام صورتحال کا مقابلہ صرف آپس کے اتحاد کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ MIT کئی سالوں سے مہاجروں کے اتحاد کیلئے کوشاں ہے کیونکہ جس طرح سے ماضی کی نام نہاد قیادت نے مظلوم مہاجروں کو ظالم بنوادیا ہے ، بانی پاکستان کی اولاد محب وطن مہاجروں کو غداری کے القاب دیئے جارہے ہیں ایسے میں انتہائی شعور اور سنجیدہ سیاست کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ آج مہاجر اپنے ہی شہروں میں اجنبی بنادیئے گے ہیں ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مہاجروں سے ٹیکس تو وصول کررہی ہیں لیکن اس کے عیوض ان کے شہروں میں ترقیاتی کام کرانے کو تیار نہیں ہے۔ عروس العباد کراچی میں دیہاتی حکومت نے کراچی کو دنیا کا سب سے بڑا گوٹھ بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے بدترین حالات میں بھی اپنے لوگوں کے درمیان رہ کر مہاجر حقوق اور پاکستان کی سالمیت کی سیاست کی ہے جس کی پاداش میں ہمیں جیلوں کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں اور ہم پر 5 مرتبہ قاتلانہ حملے بھی ہوئے لیکن ہم آج بھی اپنے مہاجر عوام کے حقوق سے دستبردار ن ہیں ہوئے ہیں۔