ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی کورونا کا شکار

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما میں گزشتہ روز کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ، میڈیا ذرائع

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 نومبر 2020 13:47

ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی کورونا کا شکار
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 نومبر 2020ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما میں گزشتہ روز کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے باعث وہ کراچی کی ایک عدالت میں ان کے خلاف زیر سماعت مقدمے کی سماعت میں شرکت کے لیے بھی نہ پہنچ سکے۔ گزشتہ چند روز میں سیاست سے جڑے کئی اہم نام عالمی وباء کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے پنجاب کے صوبائی وزیر سید صمصام بخاری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ،جن کا عالمی وباء کا ٹیسٹ مثبت آگیا ، کورونا کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد وزیر برائے فشریز پنجاب نے کہا ہے کہ کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔

اس سے پہلے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ، سابق وفاقی وزیر کا بھی کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا جس سے اس کی تصدیق ہوئی کہ قمر زمان کائرہ بھی عالمی وباء کا شکار ہوچکے ہیں ، بتایا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما گلگت بلتستان میں ہونے الیکشن کے سلسلے میں وہاں اپنی جماعت کی انتخابی مہم چلا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کورونا وائرس سے انتقال کرگئے ، جام مدد علی کے بیٹے جام ذیشان نے ان کی موت کی تصدیق کی ۔

بتایا گیا کہ عالمی وباء کا شکار ہونے والے پیپلزپارٹی رہنما چند روز سے کراچی کے نجی ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے جہاں ایک ماہ قبل ان میں کوورنا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ، سانگڑھ سے منتخب ہونے والے جام مدد علی سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین بھی تھے۔قبل ازیں پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی عالمی وباء سےانتقال کر گئے ، جسٹس وقار احمد سیٹھ کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے،میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ انتقال کر گئے ، جسٹس وقار احمد سیٹھ کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ، انہیں مہلک وبا کی تشخیص کے بعد پشاور سے اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا جہاں کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال میں کئی روز سے ان کی طبیعت کافی ناساز تھی، جہاں دوران علاج کرونا وائرس کے باعث پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کا انتقال ہوگیا ،جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر ملک بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔