راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں متعدد قانونی ترامیم اور رولز کی تجاویز اور مسودات پر غور و خوض

ہفتہ 14 نومبر 2020 19:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2020ء) صوبائی وزیر قانون،پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے قانون کا 40 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے متعدد قانونی ترامیم اور رولز کی تجاویز اور مسودات پر غور و خوض کیا۔

منظور کی جائے والی تجاویز میں پنجاب اشتمال آرڈیننس 1960 کی منسوخی، کچی آبادیوں کی عملدرآمد کمیٹیوںکی تشکیل نو ، لاہور انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور غازی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ کے چارٹرکا اجراء ، نارنگ منڈی ضلع شیخوپورہ میں ای لائبریری کا قیام اورجنوبی پنجاب کی ضروریات کے مطابق پنجاب گورنمنٹ بزنس رولز 2011 میں ترامیم کی اجازت شامل تھی۔

(جاری ہے)

اسی طرح کمیٹی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے آرڈیننس میں سربراہ کا عہدہ پرنسپل سے وائس چانسلر میں بدلنے سمیت دیگرترامیم، پنجاب ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ 2019 کے تحت فنڈ کے قیام اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او کی تقرری کی اجازت دینے کے لیے پیش کردہ تجاویز سے اتفاق کا اظہار کیا۔اجلاس میں سابقہ اجلاس کی کارروائی کی توثیق بھی کی گئی۔