گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع

گلگت بلتستان اسمبلی کے تیسرے انتخابات میں 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہے گا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 15 نومبر 2020 10:51

گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع
گلگت (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 15 نومبر2020ء) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے لیے ووٹنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے ، ووٹنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے بلا تعطل جاری رہے گی ۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی 24 میں سے 23 نشستوں کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا ہے جو کہ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں 7 لاکھ 45 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے سوا لاکھ سے زیادہ افراد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔

شدید سردی کے موسم میں عوام جوق در جوق پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کررہے ہیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے میں مصروف ہیں ۔ یاد رہے کہ یہ گلگت بلتستان اسمبلی کے تیسرے انتخابات ہورہے ہیں، اس سے قبل جی بی اسمبلی کے پہلے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 15 نشستوں کے ساتھ حکومت بنائی تھی، 2015 کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 16 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنائی تھی ۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان میں پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد 1234 ہے جس میں سے مرد خواتین ووٹرز کے مشترکہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 362 ہے، 297 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 280 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث جی بی کے علاقے گانچھے میں قانون ساز اسمبلی کے حلقہ جی بی اے 24 وادی سلتر و سیاچن کے پولنگ اسٹیشنز پر عملہ نہ پہنچ سکا جس کے باعث ووٹنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا ہے ۔

 انتخابات میں 323 امیدوار آمنے سامنے ہیں ۔ سکریٹری داخلہ گلگت بلتستان محمد علی رندھاوا کا کہنا ہےکہ پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کے قیام کے لئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ پولنگ اسٹیشنوں کو کورونا سے مخفوظ رکھنے کے لئے ایس او پیز کی ہدایت کی گئی ہے اور عملے کو کورونا سے بچاو کے لئے ضروری حفاظتی سامان مہیا کر دیا گیا۔