دبئی کی تازہ پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹ میں اسرائیلی اشیاء کی نمائش

ہم اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات پر خوش ہیں،دبئی مقامی انتظامیہ

پیر 16 نومبر 2020 12:34

دبئی کی تازہ پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹ میں اسرائیلی اشیاء کی نمائش
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2020ء) دبئی میونسپلٹی کے زیر انتظام راس الخور کے علاقے میں واقع تازہ پھلوں اور سبزیوں کی مارکیٹ میں پہلی مرتبہ اسرائیلی اشیا کی نمائش کی گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق شیخ محمد بن زاید روڈ پر واقع ڈریگن مارٹ کے قریب فریش مارکیٹ مقامی اور درآمد شدہ اشیا کی تجارت اور فروخت کے لئے علاقائی مرکز کے طور پر دبئی کی پوزیشن مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔

اس حوالے سے افتتاحی تقریب میں ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم، وزیر اعظم کے دفترمیں تحفظ خوراک آفس کے سربراہ عیسی عبد الرحمن الہاشمی، دبئی میونسپلٹی کے صحت، حفاظت اور ماحولیات کے شعبے کے سی ای او خالد محمد شریف الاوادی اور دیگر اعلی سرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے سفارتی اور کاروباری روابط قائم کرنے، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دینے اور براہ راست پروازیں شروع کرنے کے لئے باہمی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ۔

اسرائیلی اشیا کا تعارف متحدہ عرب امارات میں درآمدی پیداوار کے ذرائع کو تنوع بخشنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔تقریب میں کارمیل ایگریکسکو کے چیئرمین شلومی فوگل نے بھی شرکت کی اور کہاکہ ہم اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین بڑھتے ہوئے تعلقات پر خوش ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دبئی میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ہم آج امن کے ثمرات دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارمل ایگریکسکو زرعی ٹیکنالوجی میں جدید ایجادات کو شامل کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں زرعی فارموں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔