سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردارنبھا دیا

سندھ میں کھانے اور دیگر سامان کے 7 ہزار پیکٹ تقسیم کر دیئے گئے،مجموعی طور پر 42 ہزار پیکٹس تقسیم ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 نومبر 2020 12:35

سعودی عرب نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردارنبھا دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،16 نومبر2020ء ) سعودی عرب پاکستان کا سچا اور دیرینہ دوست ہے۔ جس نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کی ہے۔ چاہے وہ جنگ کا موقع ہو یا کوئی قحط، آفت یا دہشت گردی کی جنگ۔ سعودی حکومت کی جانب سے ہر موقع پر پاکستان کو اخلاقی، سفارتی اور مالی امداد مہیا کی گئی ہے۔ اسی وجہ سے پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی لازوال ہے۔

سعودی حکومت نے ایک بار پھر بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے سندھ کے سیلاب متاثرہ غریب عوام میں سینکڑوں ٹن امدادی سامان تقسیم کیا گیا ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق کنگ سلمان ہیومنیٹری ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر (کے ایس ریلیف) کی جانب سے سندھ میں غریب خاندانوں کے لیے امدادی سامان تقسیم کیا گیا ہے۔پاکستان کے صوبہ سندھ میں خصوصی امدادی پیکج میں کھانے اور روزمرہ استعمال کے امدادی راشن کے 7 ہزار پیکٹ ہیں جن کا مجموعی وزن 287 ٹن ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ا سلام آباد میں ایک تقریب کے دوران کنگ سلمان ہیومنیٹری ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر (کے ایس ریلیف) کی جانب سے یہ امدادی پیکج حوالے کیا۔اس تقریب میں پاکستان نیشنل نیچرل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے نمائندے محمد ادریس محسود اور پاکستان میں کے ایس ریلیف سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد الثانی میں موجود تھے۔

سعودی سفیر نواف المالکی نے بتایا ہے کہ یہ امدادی پیکج سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت کے مطابق ہے۔یہ امداد شدید بارشوں ، سیلاب اور کورونا وائرس سے متاثرہ سندھ کے سات اضلاع میں 42 ہزار افراد میں امدادی راشن کے پیکٹ تقسیم کئے جائیں گے۔اس موقع پر محمد ادریس محسود نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی عرب کی طرف سے مستقل حمایت اور ا مداد پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا۔