سعودی عرب نے وائی فائی کے حوالے سے شاندار خبر سُنا دی

مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مفت Wi-Fi سروس فراہم کی جائے گی، 60 ہزار مقامامات پر بھی یہ سہولت حاصل ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 16 نومبر 2020 17:11

سعودی عرب نے وائی فائی کے حوالے سے شاندار خبر سُنا دی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،16 نومبر2020ء) سعودی عرب انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے میدان میں بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ سعودی باشندے انٹرنیٹ استعمال کرنے کے معاملے میں دُنیا کے دس اولین ممالک میں شامل ہیں۔ مملکت میں مزید ٹیکنالوجی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے ایسا شاندار اعلان کیا گیا ہے جس نے مقامی افراد کے ساتھ ساتھ تارکین وطن کے بھی دل جیت لیے ہیں۔

سعودی حکومت کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مفت وائی فائی سروس فراہم کی جائے گی۔ سعودی حکومت کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین سمیت ملک بھر میں 60ہزار مقامات پر مفت وائی فائی سروس فراہم کی جائے گی جس سے سعودی عرب کے لاکھوں رہائشی مستفید ہو سکیں گے۔ یہ سہولت تمام عوامی مقامات پر مہیا ہو گی جن میں ہسپتال، شاپنگ مالز، پبلک پارکس، سینما گھر اور دیگر تفریحی مقامات بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سہولت کا مقصد مملکت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بڑھاوا دینا ہے، اس کے علاوہ کورونا کی وبا کے دوران لوگوں کو مختلف مقامات پر انٹرنیٹ کی سہولت حاصل ہونے سے ان کی بڑی مشکل بھی حل ہو سکے گی۔ اس سروس کے تحت تمام سعودی شہروں میں انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز کمپنیاں شہریوں کوروزانہ دو گھنٹے کے لیے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کریں گی۔اس مقصد کے لیے کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈیپارٹمنٹ نے نے ٹیلی کام حکام کے ساتھ مل کر کام شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے مقامی باشندے انٹرنیٹ کے بہت زیادہ شوقین ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران سعودی مملکت میں انٹرنیٹ کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہو گیا تھا۔