محب وطن بنگالیوں کیخلاف ہرزہسرائی بند کی جائے، محمد حسین شیخ

منگل 17 نومبر 2020 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2020ء) پاک مسلم الائنس دیوان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد حسین شیخ نے کہا ہے کہ نام نہاد قوم پرست جماعتوں کی طرف سے محب وطن بنگالیوں کو شناختی کارڈ اور دیگر سہولیات دینے پر اعتراض بلا جواز ہے، پاکستان میں بسنے والے بنگالیوں کی حب الوطنی کسی بھی شک و شبہ سے بالاتر ہے،ارض پاک پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے جانوں کے نذرانے دینے والے بنگالیوں کو غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹا غداری کے مترادف ہے،محب وطن بنگالیوں کیخلاف ہرزا سرائیاں بند کی جائیں۔

قوم پرست جماعتوں کی جانب سے بنگالیوں کی حب الوطنی اور شناختی کارڈز کی فراہمی پر سوال اٹھانے پر ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاک مسلم الائنس دیوان کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد حسین شیخ نے کہا ہے کہ انہوں نے کہا کہ ہم بانیاں پاکستان کی اولادیں ہیں، ہمارے آبائواجداد نے 1906ء میں آل انڈیا مسلم لیگ کی بنیاد رکھی اور لاکھوں قربانیاں دیں اور 1942ء میں قرارداد پاکستان پیش کرنیوالے شیر بنگال مولوی عبدالحق بھی بنگالی تھے اور قیام پاکستان کے بعد دوسرے گورنر جنرل اور لیاقت علی خان کی شہادت کے بعد وزیراعظم بننے والے خواجہ ناظم الدین بھی بنگالی تھے۔

(جاری ہے)

محمد علی بوگرہ، محمد علی چوہدری، حسین شہید سہروردی ، نورالامین بھی بنگالی تھے جو کہ پاکستان کے وزراء اعظم رہے ،مولانا تمیز الدین ، خان صبور خان، عبدالجبار خان، عبدالوہاب خان، فضل القادرچوہدری قومی اسمبلی کے اسپیکر رہے، محمود علی پاکستان کے تاحیات وزیر رہے اور پاک فضائیہ کا ہیرو ایم ایم عالم بھی بنگالی تھا۔ہمیں کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے ، ہم محب وطن تھے، محب وطن ہیں اور ہمیشہ محب وطن رہیں گے اور اب بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کیخلاف افواج پاکستان کے ساتھ ملکر ہر محاذ پر ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچو عبدالقادر دیوان بھی بانیان پاکستان کی اولاد میں سے ہیں اور پاک مسلم الائنس دیوان کے پلیٹ فارم سے ملک ، قوم اوو ملت کی خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا ہک پاکستانی بنگلہ کمیونٹی کی وفاداری پاکستان کے ساتھ ہے ،محب وطن بنگالیوں کیخلاف ہرزا سرائیاں بند کی جائیں اور ملک میں انتشار نہ پھیلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ بولنے والوں کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ دراز ہورہا ہے اور قوم پرست جماعتیں ملک میں انارکی پیدا کرنے کیلئے بنگالیوں کو نشانہ بنارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر دور میں پاکستان سے اپنی وفاداری ثابت کی ہے، ہم سے ہر دور میں حب الوطنی کا ثبوت مانگا جاتا ہے، اپنی جان اور مال کی پرواہ کئے بغیر وطن پر کٹ مرنے کا جذبہ رکھنے والوں کی حب الوطنی پر شکوک کرنا خود غداری کے مترادف ہے۔ اس موقع پرپاک مسلم الائنس کے مرکزی رہنمائوں میں رحمت غازی ، بلال شکور، عبدالمالک، مفتی معین الدین منصوری، یاسرعرفات، ڈاکٹر خورشید، سردارعبدالرحیم، سردار رفیق اور محمد کمال ودیگر نے بھی خطاب کیا۔