ہمارے وقت میں اداکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے،بشریٰ انصاری

منگل 17 نومبر 2020 20:03

ہمارے وقت میں اداکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے،بشریٰ انصاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2020ء)پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہاہے کہ ہمارے وقت میں اداکار نظم و ضبط اور وقت کے پابند تھے۔ ایک انٹرویومیں بشریٰ انصاری نے کہا کہ مجھ سے پوچھا گیا ہے کہ پہلے کے اداکاروں اور آج کل کے اداکاروں میں کیا فرق ہی انہوں نے کہا کہ فرق تو زمانے میں ہر چیز کا ہوتا ہے، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس زمانے کے ڈیزائنر اچھے نہیں ہیں اور پرانے ڈیزائنرز اچھے تھے، ہر وقت کے اپنے تقاضے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رویے اور ماحول ماحول بدل جاتے ہیں اور معاشی صورتحال بدلنے سے بھی بہت کچھ تبدیل ہوجاتا ہے جو اب ہم دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روایات بدلتی ہیں، بہت سارے رشتے بھی بدل جاتے ہیں سو ہم یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ پہلے اور اب کے اداکاروں میں یہ فرق ہے۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ آپ کسی بھی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں ، آپ کا ایسا پیشہ ورانہ رویہ اور کمٹمنٹ ضروری ہوتی ہے جس سے آپ کام نکھر کر سامنے آئے۔ان کا کہنا تھا کہ ویسے تو ہم سب کا زمانہ ساتھ چل رہا ہے تاہم یہ ضرور ہے کہ ہمارے وقت میں ہمیں نظم وضبط کی بہت عادت تھی اور ہم وقت کے بہت پابند تھے۔