ہیکرز نے سندھ حکومت کی ویب سائٹ ہیک کر لی

طلبا ہی کسی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، فوری طور پر اسکولز بند کئے جائیں, ہیکرز کا ویب سائٹ پر پیغام

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 17 نومبر 2020 20:24

ہیکرز نے سندھ حکومت کی ویب سائٹ ہیک کر لی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔17 نومبر 2020ء) سندھ حکومت کی ویب سائٹ ہیک کرلی گئی، نامعلوم ہیکرز نے پیغام جاری کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم ہیکرز نے سندھ انوسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے وارننگ دے دی ہے ۔ سندھ انوسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ آج صبح ہیک کی گئی تھی ، ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد نامعلوم ہیکرز کی جانب سے  وارننگ میسج بھی جاری کیا گیا تھا۔

 اپنے پیغام میں ہیکرز کا کہنا تھا کہ طلبا کی زندگیاں کوئی مذاق نہیں ہے، فوری طور پر اسکولز بند کئے جائیں، طلبا ہی کسی ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، اپنے اثاثے تباہ مت کریں۔ ہیکرز نے حکومت کو سکولز بند کرنے کا کہا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ ہیکرز کی جانب سے محفوظ طلبا اور محفوظ پاکستان لکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

 

 سندھ حکومت کی جانب سے ویب سائٹ کو بحال کرنے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، تاہم صبح سے اب تک ویب سائٹ بحال نہیں کی جا سکی ہے ۔

 
 اس سے قبل صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا تھا کہ پہلے ہی معمول سے زیادہ چھٹیاں ہو چکی ہیں لہذا سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں رواں برس موسم سرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی۔اسٹئیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے شیڈول میں موسم سرما کی تعطیلات شامل نہیں ہیں۔کورونا وائرس کے باعث پہلے ہی معمول سے زیادہ تعطیلات ہو چکی ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا مزید کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔نومبر کے آخر پر این سی او سی کے اجلاس میں اس پر مزید بحث ہو گی۔یہاں پر واضح ہو کہ ہیلتھ ایڈوائرزی کورونا کے باعث تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی سفارش کر چکی ہے۔کورونا وائرس میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے اور کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر بلوچستان میں تعلیمی ادارے یکم دسمبر سے تین ماہ تک بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔