تربت میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے انتہائی خطرناک دہشتگرد ہلاک

سٹیلائٹ ٹاؤن میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والا دہشتگرد ملا عمر ایرانی حکومت کو مطلوب تھا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 17 نومبر 2020 22:17

تربت میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے انتہائی خطرناک دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔17 نومبر 2020ء) تربت کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایران کو مطلوب نہایت خطرناک دہشتگرد ہلاک ہو گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹیلائٹ ٹاؤن میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے مشترکہ آپریشن میں ایرانی حکومت کو مطلوب انتہائی خطرناک دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد باپ بیٹا تھے، اور ایرانی حکومت کی جانب سے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے ۔

پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے بھاگنے کی کوشش کی، فائرنگ کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹا ہلاک ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کی شناخت ملا عمر کے نام سے ہوئی ہے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے چار انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کردیاتھا۔

(جاری ہے)

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا تو دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں چار دہشت گرد مارے گئے ۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیاہ تھا، مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکاخیز مواد برآمد کیا گیا تھا۔