کرونا کے دوران سفر کے لئے دبئی سب سے بہترین مقام ہے

دنیا میں سیاحت کے لئے حالیہ دہائیوں کے دوران دبئی اہم شہر رہا ہے

بدھ 18 نومبر 2020 11:18

کرونا کے دوران سفر کے لئے دبئی سب سے بہترین مقام ہے
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2020ء) دنیا میں سیاحت کے لئے حالیہ دہائیوں کے دوران دبئی اہم شہر رہا ہے۔ گزشتہ سالوں کے دوران حکومت کی جانب سے اسکی ترقی کے لئے مسلسل مخلصانہ انداز سے کام کرنے کے باعث اب یہ شہر ایک اسٹاپ اوور سے بڑھ کر دنیا کے صف اول کے سیاحتی مقامات میں شامل ہوگیا ہے۔ گزشتہ سال شائع ہونے والی برطانوی تحقیقاتی ادارے یورو مانیٹر انٹرنیشنل کی رپورٹ بعنوان "اولین 100 شہر" کے مطابق  دبئی دنیا کے 10 انتہائی مقبول ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہے۔


سال 2020 کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر میں کرونا کے باعث غیرمتوقع بحران کے سبب سیاحت کا شعبہ تعطل کا شکار ہوگیا، لیکن اب زندگی آہستہ آہستہ واپس معمول کی جانب لوٹ رہی ہے ۔ تاہم ، اب ہر ایک کے دماغ میں یہی ایک سوال ہے کہ کیا دبئی کا سفر کرنا ان کے لئے محفوظ رہے گا؟ اگر آپ سال 2020 میں یا اگلے سال دبئی کے سفر کا سوچ رہے ہیں تو ہم آپ کو کچھ اہم سفری معلومات فراہم کرتے ہیں جو حالیہ سفر کے دوران ہمارے سامنے آئیں اور ان اہم معلومات کے ذریعے آپ کو اپنے سفر کی منصوبہ بندی کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)


سب سے پہلی اور اہم ترین بات یہ ہے کہ سفر سے قبل اپنا کرونا ٹیسٹ لازمی کرائیں ۔ کرونا ٹیسٹ کے منفی نتائج کی رپورٹ پاکستان میں چیک ان کے ساتھ ساتھ دبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد کاؤنٹر پر بھی پیش کرنی پڑے گا ۔ اس لئے غیرضروری پریشانی سے بچنے کے لئے ٹیسٹ کے نتائج کی متعدد فوٹو کاپیاں اپنے ہمراہ رکھیں۔ مزید یہ کہ پاکستانی سول ایوی ایشن حکام کی جاری کردہ نئی ہدایات کے مطابق مسافروں کو ریٹرن فلائٹ سے قبل بھی کرونا ٹیسٹ کروانے کی ضرورت ہوگی۔

 
دبئی کے سفر کی شروعات کے لئے ایمریٹس کی پرواز میں ہمارا تجربہ کافی اچھا رہا جس نے پورے سفر کے صحت اور حفاظتی قوانین کے نفاذ کو یقینی بنایا۔ دبئی میں لینڈنگ پر حیرت انگیز طور پر خوشگوار موسم نے ہمارا خیرمقدم کیا۔ دبئی کا موسم اگلے چند ماہ کے دوران خوشگوار رہے گا ، اسی وجہ سے سال کے اختتام پر سفر کے لئے یہ بہترین مقام مانا جاتا ہے۔

اس کا مطلب یہ نہیں کہ موسم گرما میں یہاں سفر نہیں کرنا چاہیئے بلکہ یہاں شہر کے بہترین انفراسٹرکچر کی بدولت بمشکل ہی گرمی محسوس ہوتی ہے۔
سیاحت کا خیرمقدم کرنے والے اس شہر میں کوئی بھی شخص باآسانی اپنے بجٹ اور دیگر ترجیحات کے مطابق ہوٹل تلاش کرسکتا ہے۔ اگر آپ ذرا کھلے ہاتھ سے خرچ کرنا چاہتے ہیں تو ہم اصرار کریں گے کہ آپ جے وائی میریٹ مارکوئیس میں قیام کریں جہاں ہم نے بھی اپنے سفر کے دوران قیام کیا۔

یہ شہر کے کاروباری قلب میں ضلع شیخ زید روڈ پر واقع ہے ۔ یہاں اس فائیو اسٹار ہوٹل کی عمارت میریٹ کی طویل ترین عمارتوں میں شامل ہے ۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یہ قدرے مہنگا ہے۔ اس کی حدود میں 15 عدد ایوارڈ یافتہ ریسٹورنٹس، ایک اسپا اور کلب بھی شامل ہیں۔ اس ہوٹل میں بھی نئی حکمت عملی کے نفاذ کے بعد انگنت نئے قوانین اور طریقہ کار شامل ہیں تاکہ پرتعیش خدمات کی فراہمی کے ساتھ صفائی ستھرائی کا اعلیٰ ترین معیار یقینی بنایا جائے۔

 
اگر ہم شہر کے پرکشش مقامات کی جانب آئیں تو  بیشتر مقامات کرونا کے باعث احتیاطی ہدایات کے ساتھ کھل گئے ہیں۔ کھانے میں دلچسپی کی بنیاد پر گوگل آپ کو بہترین مطلوبہ رہنمائی فراہم کرے گا، لیکن ہم آپ کو ان مقامات کے بارے میں بتا رہے ہیں ، جہاں ہم گئے تھے تاکہ آپ کو مجموعی طور پر معلومات کا اندازہ ہوسکے ۔

دبئی اور شاپنگ ایک دوسرے کے ہم نام ہیں۔

کوئی بھی مسافر دبئی آنے کے بعد کم از کم ایک شاپنگ مال کا چکر لگائے بغیر نہیں رہتا۔ ہم دنیا کے سب سے بڑے مال ، دبئی مال اور دی مال آف دی ایمریٹس گئے ۔ ان دونوں مالز میں خریداری کے انتخاب کے ساتھ ساتھ دنیا کے ٹاپ برانڈز کی جانب سے پیش کرنے کے لئے بہت کچھ موجود ہے۔ ان کے فوڈ کورٹس میں موجود صف اول کے مقامی اور بین الاقوامی فوڈ برانڈز وسیع اقسام کے کھانوں کے ساتھ آپکی ضیافت کرتے ہیں ۔

مال آف دی ایمریٹس اسکائی دبئی کا بھی مرکز ہے جہاں زندگی میں آپ کو کم از کم ایک بار ضرور جانا چاہیئے ۔ دبئی مال کی اپنی حدود میں دبئی ایکورئیم اور زیر آب چڑیا گھر بھی ہے۔ یہ دنیا کے سب سے بڑے ایکویریئمز میں سے ایک ہے۔

اگر آپ آبی حیات میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں تو ہم آپ کو تجویز کریں گے کہ تھوڑی سے ہمت کریں اور دی لاسٹ چیمبرز ایٹ اٹلانٹس کا بھی سفر کریں جو متحدہ عرب امارات کا سب سے بڑا ایکیورئیم ہے۔

یہاں آپ ایمبسڈر لاگون میں 65 ہزار سمندری مخلوقات کو ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ یہاں آنے والے افراد بکنگ کے ذریعے اسکے پس پردہ مناظر کا دورہ کرسکتے ہیں جبکہ اسنارکل، غوطہ خوری یا انڈر واٹر سے بھی محظوظ ہوسکتے ہیں۔
چاہے آپ ایڈونچر کے بے انتہا شوقین ہوں، یا پھر مارول کے معروف کرداروں یا پھر کارٹون نیٹ ورک کو پسند کرتے ہوں تو پھر آئی ایم جی ورلڈز آف ایڈونچر میں لازمی جائیں۔

گلوبل ویلیج سے آگے شیخ محمد بن زید روڈ پر انتہائی بلندی پر آئی ایم جی ورلڈ کے نام سے دنیا کا سب سے بڑا انڈور تھیم اور امیوزمنٹ پارک ہے۔ یہ بنیادی طور پر چار ایڈونچر زونز پر مشتمل ہے (مارول، لوسٹ ویلی، کارٹون نیٹ ورک اور آئی ایم جی بولیورڈ) ۔ یہاں آنے والے ہر شخص کے لئے کچھ نہ کچھ دلچسپ چیزوں کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے وہ لازمی محظوظ ہوتے ہیں ۔

ہمیں ذاتی طور پر ویلوسیراپٹر ، پری ڈیٹر، اسپائیڈر مین اور تھور پسند آئے۔ ارے ہاں، باہر نکلتے وقت اپنا تحفہ لینا ہرگز مت بھولئے گا۔

کسی بھی شہر کو گھومنے کا اصل مزہ وہاں کے ساحل سمندر گھومنے میں آتا ہے۔ کم از کم ایک بار کروز جہاز میں ضرور سفر کریں اور دبئی میں بعض کروز جہاز انتہائی بہترین آفر پیش کرتے ہیں۔

ہم نے دبئی مرینا ڈنر کروز میں بکنگ کرائی جس کے ذریعے ہم نے نہ صرف دبئی مرینا کو رات کی روشنی میں جگمگ کرتے ملاحظہ کیا بلکہ شیشے سے بنی کشتی کے ذریعے شہر سے گزرنے والی مصنوعی نہر سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ رات کے کھانے کے لئے ہم نے کانٹی نینٹل اور اورئینٹل کھانوں کے ساتھ بہترین جوسز اور دیگر مشروبات منگوائے۔ ان سب کے ساتھ ، پس منظر میں خوبصورت دھن اور دیدہ زیب ماحول سے لطف کی انتہا نہ رہی۔



جب بے مثال عمارتوں کا ذکر آتا ہے تو دبئی میں موجود ہر شخص کے ذہن میں برج الخلیفہ کا نام آتا ہے۔ یہ دنیا کی سب سے طویل ترین عمارت ہے۔ اس کی اونچائی 828 میٹرز اور 160 سے زائد فلورز ہیں۔ سب سے اوپر والی منزل سے دیکھنے کے لئے آپ اپنے وزٹ سے قبل ٹکٹ کی آن لائنگ بکنگ کروا سکتے ہیں یا پھر وہاں پہنچ کر خرید سکتے ہیں لیکن یاد رکھیں کہ آپ کو پھر طویل قطار کا سامنا ہوگا۔

124 ویں منزل پر جانے کے لئے آپ کو دنیا کی تیز ترین لفٹ ایک منٹ سے بھی کم وقت میں پہنچا دے گی۔ اس کا بیرونی منظر آپ کو فوٹوگرافی (بالخصوص انسٹاگرام استعمال کرنے والے ) کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے ۔ اس عمارت کی 125 ویں منزل پر شہر کے طائرانہ منظر کا انٹرایکٹو ویژوئل ڈسپلے بھی موجود ہے ۔
دنیا کے صف اول کے شہر دبئی میں تبدیلی کو محسوس کرنے کے لئے آپ کو دبئی فریم کا وزٹ کرنا ہوگا۔

یہ اپنی نوعیت کا منفرد اسٹرکچر ہے جس میں شہر کی خوبصورتی اور تنوع تخلیقی انداز سے سامنے آتا ہے اور شائد انکے اظہار میں ہم الفاظ سے انصاف نہ کرپائیں۔ اور ہاں! ڈیزرٹ سفاری جانا ہرگز مت بھولئے گا۔
اصل میں بات یہ ہے کہ دبئی میں بے شمار خوبصورت اور دلچسپ مقامات ہیں ۔ اس لئے ان مقامات پر جاتے وقت حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد  کو اچھی طرح یاد رکھیں ۔ مجھے یقین ہے کہ مستقبل قریب میں دبئی کا سفر آپ کے سفر ی مقامات کی فہرست میں سب سے اوپر ہوگااس لئے یہاں سفر سے خوب محظوظ ہوں!