جامعہ کے مدیر المکتب مفتی محمد شفیع سپرد خاک کر دیے گئے،جامعہ کے لیے مرحوم کی خدمات سنہری حروف سے لکھی جائینگی ، حافظ عبدالحمید عامر

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 18 نومبر 2020 17:29

جامعہ کے مدیر المکتب مفتی محمد شفیع سپرد خاک کر دیے گئے،جامعہ کے لیے ..
جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 نومبر2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مدیر المکتب اور رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر کے بہنوئی مفتی محمد شفیع سپرد خاک کر دیے گئے۔ ان کی نماز جنازہ 17نومبر بروز منگل 8بجے شب جامعہ علوم اثریہ جہلم میں ادا کی گئی۔ رئیس الجامعہ حافظ عبدالحمید عامر نے رقت انگیز کیفیت سے نماز جنازہ پڑھائی۔

اس موقع پرانہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے لیے مرحوم کی خدمات سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مفتی محمد شفیع نے نصف صدی سے زائد عرصہ مدرسہ دار الحدیث چوک اہل حدیث اور جامعہ علوم اثریہ کی خدمت کی ہے۔ والد مرحوم حافظ عبدالغفور جہلمی اور برادر اکبر علامہ محمد مدنی کے دیرینہ ساتھی تھے۔

(جاری ہے)

آج ایک مخلص اور امین بھائی مجھ سے جدا ہو گیاہے۔

اللہ تعالیٰ ان کی بشری لغزشوں سے در گزر فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔مرحوم نے ایک عرصہ تک جامعہ علوم اثریہ جہلم میں تدریس کے فرائض سر انجام دیے جس میں سینکڑوں طلبا نے آپ سے علمی پیاس بجھائی۔ بعد ازاں! ناظم مالیات(مدیر المکتب) مقرر کر دیے گئے اور وفات تک اس ذمہ داری کو بطریق احسن ادا کیا۔ دینی طلبا نے دعاؤں اور سسکیوں میں اپنے شفیق استاذ، دین اسلام کے خدمت گزار اور مبلغ و داعی کو سپرد خاک کیا۔یوں جامعہ کے ایک عظیم محسن دار الفناء سے دار البقاء کی طرف منتقل ہو گئے۔جہلم شہر،گردو نواح اور صوبہ پنجاب بھر سے علمائے کرام،سیاسی و سماجی شخصیات، جماعتی قائدین و احباب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :