Live Updates

پی ایس ایل 5،کراچی کنگز کی شاندار فتح، صدر مملکت ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت اہم شخصیات کی مبارکباد

بدھ 18 نومبر 2020 22:39

پی ایس ایل 5،کراچی کنگز کی شاندار فتح، صدر مملکت ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2020ء) صدر مملکت، گورنرز، وزرا، وزرائے اعلی، سمیت فنکاروں اور دیگر اہم شخصیات نے پی ایس ایل سیزن فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارک باد پیش کی ہے۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل فائیو کا فاتح بننے پر مبارک باد پیش کی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ بہترین فتح ہے۔

پی ایس ایل فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی کنگزکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے جیتنے پر بہت خوشی ہوئی ہے، پی ایس ایل کے پاکستان میں کامیاب انعقاد پر منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں، آج پاکستان کی جیت ہوئی ہے، انشااللہ اگلے سیزن میں شائقین بھی ہونگے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کنگز کو فائنل جیتنے پر مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم، ٹیم کے مالک اور کراچی کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

کراچی کنگز کی جیت سندھ کے عوام کی فتح ہے اور پی ایس ایل کا انعقاد ہونا کرکٹ کی فتح ہے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں اس موقع پر لاہور قلندرز کی جذبے کی بھی قدر کرتا ہوں۔ لاہور قلندرز نے بھی اچھی کرکٹ کھیلی میں ان کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اللہ پاک کوویڈ19 سے نجات دلائے، ہم کراچی کو کرکٹ کا شہر بنائینگے۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے بھی پی ایس ایل فائیو کا فائنل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی گئی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پی ایس ایل کا ایک اور بہترین سیزن اختتام کو پہنچا، بابر اعظم کی ٹاپ کلاس بیٹنگ کی مدد سے کراچی کنگز فاتح بنا، انہیں اور پورے پاکستان کو مبارکباد۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اس سال تمام میچز پاکستان میں ہوئے اور اس کے لئے ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں کو کریڈٹ جاتا ہے۔وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق کی جانب سے بھی پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کا ٹائٹل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارک باد دی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ پی ایس ایل5 کی فاتح کراچی کنگز اور انکی مینجمنٹ کو مبارکباد! لاہور قلندرز کی کارکردگی اس سیزن متاثر کن رہی۔

دراصل یہ پاکستان کی جیت ہے۔صوبائی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کرونا کے مشکل وقت میں پی ایس ایل فائیو کو تکمیل تک پہنچانے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشیں قابلِ تعریف ہیں، اس کے علاوہ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان آنے پر مشکور ہوں۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی شاندار فتح پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی ہے، اپنے بیان میں یاسمین راشد نے کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگزکا جیتنا دراصل پاکستان کی جیت ہے۔

چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی کی جانب سے بھی پی ایس ایل دوہزار بیس کا فائنل جیتنے پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی گئی ہے، اپنے ٹوئٹر پیغام میں شہریارآفریدی نے کہا کہ بابراعظم نیاچھاکھیلا، اس جیت کے بعد کرکٹ گھر آگئی ہے لیکن ٹرافی کراچی میں ہی رہیگی، پاکستان میں تمام میچز کیبعد امن کے ثمرات نظر آرہیہیں۔چیئر مین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کا فائنل جیتنے پر کراچی کنگزکو مبارک دی ۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی پی ایس ایل فائیو میں کراچی کنگز کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔پاکستان شوبز انڈسڑی کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھی پی ایس ایل میں شاندار فتح پر کراچی کنگز کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میچ دیکھ کر مزا آگیا۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی جانب سے کراچی کنگز کو شاندار فتح پر مبارک باد دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے کراچی کنگز کو پی ایس ایل فائنل جیتنے پر مبارکباد دی گئی ہے، تحریک انصاف کراچی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاہور قلندرز نے بھی بھرپور انداز میں مقابلہ کیا، بہترین ایونٹ منعقدکرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔تحریک انصاف کراچی نے کہاکہ سیکیورٹی اداروں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، اگلے میچز حیدرآباد، سکھر سمیت دیگر شہروں میں بھی کرائے جائیں۔

پی ٹی آئی ایم این اے آفتاب جہانگیر نے بھی کراچی کنگز کی فتح پر مبارک باد دی ہے۔ڈی آئی جی ایس ایس یو کی جانب سے بھی پی ایس ایل میں تاریخی کامیابی پر کراچی کنگز کو مبارکباد دی۔میڈیا سے گفتگو میں مقصود میمن نے کہا کہ سب سے پہلے کراچی کنگز کو مبارکباد دیتا ہوں، پی ایس ایل کی سیکیورٹی کے بہت اچھے اقدامات کیے گئے تھے، عوام کو کم سے کم پریشانی کو مدنظر رکھا گیا تھا۔،ڈی آئی جی ایس ایس یو مقصود میمن نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی کمی محسوس ہوئی دعا ہے جلدکوروناختم ہو۔انہوں نے کہاکہ پولیس کے پاس جو ذمہ داری تھی اس کو بھرپور طریقے سے نبھایا، انٹرنیشنل پلیئرز کی واپسی تک سیکیورٹی کاخاص خیال رکھاجائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات