انڈر16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آخری مرحلہ پشاور میں شروع ہوگیا

بدھ 18 نومبر 2020 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2020ء) ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخواکے زیراہتمام انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا آخری مرحلہ پشاور سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگیا جس میں صوبہ بھر سے 256 مرد وخواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں ، آخری مرحلے میں کھلاڑیوں کو کوالیفائیڈکوچز کے زیرنگرانی 10 دن ٹریننگ دی جائیگی ۔ دس روزہ کیمپ میں بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جو اٹھائیس نومبر سے شروع ہونیوالی نیشنل جونیئر انڈر16 گیمز میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرینگے ۔

آخری مرحلے کا افتتاح ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی اور ڈائریکٹر آپریشن سپورٹس خیبرپختونخوا سید ثقین شاہ نے کیا ۔ ٹریننگ دو مختلف سیشن میں کی جائیگی پہلے سیشن میں صبح 9 سے 12 تک خواتین جبکہ 12 سے 5 تک مردوں کو ٹریننگ دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

‘انڈر16 گیمز میں بیڈمنٹن‘ٹیبل ینس‘ایتھلیٹکس‘والی بال کے مقابلوں میں مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جبکہ سکواش ‘ہاکی اور فٹبال کے مقابلوں میں مرد کھلاڑی حصہ لیں گے‘مردوں کے کھیل کی نگرانی ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک اور خواتین کے کھیلوں کی نگرانی ڈائریکٹریس مس رشیدہ غزنوی کریں گی ۔

ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں پہلے مرحلے میں قبائلی اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے تمام ڈسٹرکٹس میں اوپن ٹرائلز لئے گئے جس میں سے فائنل ٹرائلز کیلئے کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیا فائنل ٹرائلز میں پندرہ سو سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس میں کیمپ کیلئے 256 میل وفمیل کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیا ، ان کھلاڑیوں کے کھیل کو مزید نکھارنے کیلئے کوالیفائیڈ کوچز ان کو مزید دس دن ٹریننگ دینگے جس میں سے نیشنل جونیئر انڈر16 گیمز کیلئے خیبرپختونخوا ٹیم کا انتخاب کیاجائیگا۔