سعودیہ:ایک گاڑی سوار پٹرول کے پیسے دیئے بغیر پمپ سے فرار

پٹرول بھرنے والے نے پیسے مانگے تو اس نے چھُری سے خوفزدہ کر کے گاڑی بھگاد ی، ملزم گرفتار

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 نومبر 2020 16:23

سعودیہ:ایک گاڑی سوار پٹرول کے پیسے دیئے بغیر پمپ سے فرار
 طائف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،19 نومبر2020ء ) سعودی عرب میں کچھ روز قبل ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک گاڑی سوار پٹرول بھروانے کے بعد رقم ادا کیے بغیر فرار ہوگیا تھا۔سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق یہ واقعہ ابہا کے علاقے میں پیش آیا۔ جہاں ایک گاڑی سوار پٹرول بھروانے کے لیے پمپ پر آیا۔ تسلی سے پٹرول ٹینک بھروانے کے بعد پیسے دینے کی باری آئی تو وہ رقم ادا کیے بغیر ہی وہاں سے فرار ہوگیا۔

پٹرول بھرنے والے کارکن نے بتایا کہ جب اس نے ڈرائیور سے پیسے مانگے تو اس نے اپنے پاس رکھی چھُری نکال کر اسے دھمکی دی کہ اگر اس نے دوبارہ پیسے مانگے تو وہ اسے چھُری گھونپ دے گا۔ اس کے خطرناک تیور دیکھ کر وہ پیچھے ہٹ گیا اور پھر یہ نامعلوم شخص وہاں سے گاڑی بھگا کر اطمینان سے فرار ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو کی گئی۔

پیسے ادا کیے بغیر گاڑی بھگانے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس پر صارفین نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا۔ اس حوالے سے سعودی وزارت داخلہ نے اطلاع دی ہے کہ یہ واردات کرنے والا شخص گرفتار ہو چکا ہے۔ وزارت داخلہ کے سنیپ چیٹ پر آگاہ کیاگیا کہ گاڑی میں پٹرول ڈلوا کر بغیر پیسے دیئے پمپ سے فرار ہونے والے کو گرفتار کر لیاگیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پٹرول پمپ پر نصب کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کو شناخت کر لیا گیا جوسعودی شہری ہے۔ نشاندہی کے بعد ملزم کو اگلے چند گھنٹوں میں گرفتار کیا گیا جس سے تفتیش جاری ہے۔ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لوگوں کی جان اور امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور چوری کے الزام کے تحت اس پر جلد مقدمہ چلایا جائے گا۔