مارکیٹوں اور پارکس کے بغیر اسکولوں کی بندش کا کوئی فائدہ نہیں، مراد راس

سکول بند کرنے کا فائدہ تب ہوگا جب پارک، گراوَنڈ، تفریحی مقامات اور مارکیٹیں بھی بند ہوں، وزیرصحت پنجاب نے 23 نومبر کو تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویزدے دی۔ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے اجلاس میں وزیرتعلیم کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 19 نومبر 2020 18:01

مارکیٹوں اور پارکس کے بغیر اسکولوں کی بندش کا کوئی فائدہ نہیں، مراد ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 نومبر2020ء) وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ مارکیٹوں اور پارکس کے بغیر اسکولوں کی بندش کا کوئی فائدہ نہیں، سکول بند کرنے کا فائدہ تب ہوگا جب پارک، گراوَنڈ، تفریحی مقامات اور مارکیٹیں بھی بند ہوں، وزیرصحت پنجاب نے 23 نومبر کو فوری تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر قانون پنجاب راجا بشارت کی زیرصدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پنجاب میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے کورونا کےخلاف حکومتی اقدامات کی تائید خوش آئند ہے۔ پنجاب میں عدالت اوراین سی اوسی کی ہدایات کے مطابق لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شادی ہالز کے حوالے سے دی گئیں ہدایات پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

اجلاس میں وزیر صحت پنجاب کی جانب سے 23 نومبر کے بعد تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز دی گئی۔ جبکہ وزیر ہایئرایجوکیشن کی جانب سے صرف ہائی رسک تعلیمی ادارے بند کرنے کی تجویز دی گئی۔ وزیرتعلیم مراد راس نے کہا کہ اسکول بند کرنے کا فائدہ تب ہوگا۔ جب پارک، گراوَنڈ، تفریحی مقامات اورمارکیٹیں بھی بند ہوں۔ دوسری جانب پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 36899 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2547 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، وائرس سے مزید 18 افراد انتقال کرگئے۔این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.9 فیصد رہی ، 24 گھنٹوں میں سامنے آے والے کیسز کی تعداد 4 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہے۔کورونا کی پہلی لہر میں 13 جولائی کو پاکستان میں ایک روز کے دوران 2769 کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد اب تقریباً 4 ماہ بعد تعداد 2547 پر جاپہنچی ہے۔