اسلامی ملکوں میں دیگرمذاہب کے ماننے والے اپنے مذہبی معاملات میں پوری طرح آزاد ہیں،حاجی حنیف طیب

جمعرات 19 نومبر 2020 18:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2020ء) نظام مصطفی پارٹی کے صدرسابق وفاقی وزیر محنت وافرادی قوت، سمندرپارپاکستانیزڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب ،شبیر احمدقاضی،الحاج محمدرفیع ،پیر زادہ غلام حسین چشتی ،مولانانسیم احمدصدیقی ،مولاناشاہد ین اشرفی ،مولانااحسن نوری ،عبدالقدیر شریف،محمدحنیف بخاری ،محمدنفیس قادری نے مشترکہ بیان میں کہاکہ تمام اسلامی ملکوں میں دیگرمذاہب کے ماننے والے اپنے مذہبی معاملات میں پوری طرح آزاد ہیںکیوں کے مسلمان اللہ اوراُس کے رسول ﷺکے احکامات ماننے کا پابند ہے ۔

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ ایک طرف تومغربی ممالک انسانی حقو ق ،بین المذاہب ہم آہنگی اورشخصی آزادی کے باتیں کرتے دوسری جانب قرآن پاک کی بے حرمتی،نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخانہ خاکے اورمسلمانوں کے ساتھ نازیبا سلوک کیاجارہاہے فرانس میں حجاب پہننے والی خواتین کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا بھارت میں مسلم افسران کو داڑھی کٹوانے کے لیے مجبورکیا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

حاجی محمدحنیف طیب نے نیوزی لینڈ پولیس میں مسلم خواتین کے لیے حجاب کو پولیس یونیفارم کا حصہ بنانے کے اقدام ،مسلمان کمیونٹی سے ہمدردی کا مظاہرہ کرنے کوقابل ستائش قابل تعریف اوردیگرعالمی سربراہوں اورممالک کے لئے قابل تقلید قراردیتے ہوئے کہاکہ اگربین المذاہب ہم آہنگی کو برقراررکھنا ہے تو ایک دوسرے کے مذاہب اوراُن کی مقدس کتب اورپیشواکا احترام کرنا ہوگا ۔حاجی حنیف طیب کا مزید کہنا تھا کہ اسلام مخالف اور متعصبانہ رویوں،منفی پروپیگنڈاکا خاتمہ کرنے کے لیے مسلم حکمرانوں اپنا کرداراداکرنے کی ضرورت ہے ۔