ٹور آپریٹرز نے پاکستانیوں کے لیے عمرہ کی بکنگ شروع کر دی، 22 نومبر سے روانگی ہو گی

10 روز کا عمرہ پیکیج 2 لاکھ 12 ہزار روپے جبکہ 14 روز ہ پیکج کے لیے 2 لاکھ 25 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 نومبر 2020 12:58

ٹور آپریٹرز نے پاکستانیوں کے لیے عمرہ کی بکنگ شروع کر دی، 22 نومبر سے ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،20 نومبر2020ء ) سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کو یکم نومبر کے بعد سے عمرہ کے لیے مملکت آنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ تاہم پاکستانی ٹور آپریٹرز کے سعودی حکام سے کوئی معاہدہ طے پانے کے باعث پاکستانیوں کی عمرہ کے لیے روانگی نہ ہو پائی تھی۔ عمرہ کے منتظر لاکھوں پاکستانیوں کے لیے اب خوشی کی خبر یہ ہے کہ سعودی حکام اور پاکستانی ٹور آپریٹرز کے درمیان عمرہ کی ادائیگی کے معاہدے طے پا گئے ہیں۔

اُردو نیوز کے مطابق معاملات طے پانے کے بعد سعودی حکام نے مختلف ٹور آپریٹرز کے لائسنسز کی تجدید کر کے عمرہ کے پانچ ہزار ویزے بھی جاری کر دیئے ہیں۔ پاکستان میں حج و عمرہ ٹور آپریٹر تحسین ٹریولرز نے بتایا کہ 20 سے 25 افراد پر مشتمل گروپ کی شکل میں پاکستان سے عمرہ زائرین 22 نومبر کو روانہ ہوں گے، کورونا کی وبا کی وجہ سے ایس او پیز کے تحت عمرہ کی اجازت دی گئی ہے اس لیے محدود ویزے ہی جاری کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ عمرہ و حج ٹور آپریٹر الرحمان گروپ آف ٹریولرز نے اُردو نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز کے باعث اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں عمرہ کے خواہش مند افراد رابطے کر رہے ہیں لیکن کورونا ایس او پیز کی وجہ سے اخراجات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث زائرین کی تعدادآغاز میں کم ہے، فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کی اجازت دی گئی ہے جس سے اخراجات اضافہ ہوا ہے۔

ابتدائی طور پر دس دن کا عمرہ پیکج 2 لاکھ 12 ہزار روپے جبکہ 14 روز کا پیکج 2 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان سے عمرہ زائرین کی بکنگ شروع ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان سے پہلے وفد نے عمرے کی ادائیگی بھی کرلی ہے۔ عمران صدیقی نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کا عمرہ بکنگ میں کوئی کردار نہیں ہوتا بلکہ یہ ٹور آپریٹرز اور سعودی کمپنیوں کے درمیان معاہدہ ہوتا ہے، تاہم سعودی حکام نے پاکستان میں کچھ ٹورآپریٹرز کو ویزے فراہم کیے ہیں جس پر بکنگ کی جارہی ہے۔‘