ووٹ کو عزت دو، ہمارے ووٹ پر ڈاکے نامنظور، مریم نواز

ماسک کوویڈ 19 اور ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ کوویڈ18 سے تحفظ دے گا، مستقبل کیلئے خود کی اور اپنے ووٹ کی حفاظت کریں۔ نائب صدر ن لیگ کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 20 نومبر 2020 19:23

ووٹ کو عزت دو، ہمارے ووٹ پر ڈاکے نامنظور، مریم نواز
لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 نومبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ماسک کوویڈ 19 اور ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ کوویڈ 18سے تحفظ دے گا۔ اس لیے مستقبل کیلئے خود کی اور اپنے ووٹ کی حفاظت کریں۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ’ووٹ کو عزت دو‘ کے تحریر کردہ خصوصی ماسک جو کہ عوامی جلسوں میں شرکاء کو فراہم کیے جائیں گے، ماسک پہن کر اس حوالے سے کہا کہ ووٹ کو عزت دو، ہمارے ووٹ پر ڈاکے نامنظور۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ماسک کورونا سے محفوظ رکھتا ہے، اسی طرح کوویڈ 18 سے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ تحفظ دے گا۔ اس لیے مستقبل میں خود کو اور ووٹ کو بچانا ہے۔ اس سے قبل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں احسن اقبال، مریم نوازشریف، رانا ثناءاللہ، اویس لغاری کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے30 نومبر کو ملتان میں جلسے کے انعقاد کے سلسلے میں ملتان ڈویژن کے پارٹی عہدیداران، ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے میٹینگ کی۔

(جاری ہے)

جس میں جلسے کے انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح اوکاڑہ میں جلسے کے سلسلے میں اوکاڑہ ڈویژن کے پارٹی عہدیداران، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے بھی میٹینگ کی گئی۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے گھر جانے کو تمام عوامی مسائل کا حل قرار دے دیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب اپوزیشن پر جھوٹے الزامات لگانے، شہبازشریف کو جیل بھجوانے سے ملک نہیں چلے گا۔

عمران صاحب شہبازشریف کو جیل میں ڈالنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی۔ عمران صاحب اپوزیشن اور پارلیمان کا گلا گھونٹنے سے عوام کو روٹی، روزگارنہیں ملے گا۔ عمران صاحب شہبازشریف کو جیل میں قید کرنے سے آٹا چینی چوری بند نہیں ہوگی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب شہبازشریف کو ناحق سزا دینے سے عوام کو بجلی اور گیس نہیں ملے گی۔ عمران صاحب شہبازشریف کو ناحق سزا دینے سے صرف آپ کی اصلیت مزید بے نقاب ہوگی۔ ملک اور قوم کے مسائل کا حل عمران صاحب کے گھر جانے میں ہے۔