کورونا وباء کی وجہ سے سب سے پہلے وزیراعظم نے خود اپنی پارٹی کے جلسے منسوخ کیے ‘ راجہ بشارت

جلسوں پرپابندی کسی ایک گروہ نہیں بلکہ سب کے لیے ہے‘ وزیر قانون کی سندس فائونڈیشن کے دورے کے موقع پر گفتگو

جمعہ 20 نومبر 2020 20:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کورونا کی شدت میں اضافے کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے جلسے کرنے کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو خود بھی قومی ذمہ داری کا احساس ہونا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ سب سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے خود اپنی پارٹی کے جلسے منسوخ کیے ہیں۔

شادمان میں سندس فائونڈیشن کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلسوں پرپابندی کسی ایک گروہ نہیں بلکہ سب کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے بلکہ قومی مفاد میں دیکھنا چاہیے،اپوزیشن کے لیے یہی کافی ہے کہ این سی او سی کے اقدامات کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی اپنے فیصلے کا حصہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

راجہ بشارت نے کہا کہ اپوزیشن کو تو خود اس خیال سے بازآجانا چاہیے تھا اور اس کا انتظار نہیں کرنا چاہیے تھا کہ حکومت کب پابندی لگائے گی تاہم یہ حقیقت ہے کہ حکومت جب کوئی فیصلہ کرتی ہے تو اس پر عملدرآمد بھی کرواتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام شہری اپنی اور دوسروں کی زندگی کے لیے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔راجہ بشارت نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر گہرا افسوس کرتے ہوئے ان کے خاندان سے بھی اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ مرحوم اعلی پائے کے عالم دین تھے ۔