پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں دہشت گردی کا خدشہ ،نیکٹا نے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا

بڑے اجتماع پر دہشت گرد حملے کی سازش کی جا رہی ہے اور پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ دہشتگردوں کا ممکنہ ہدف ہوسکتا ہے، نیکٹا

جمعہ 20 نومبر 2020 22:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 نومبر2020ء) قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے پشاور جلسے میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کر دیا اس ضمن میں جاری تھریٹ الرٹ کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے 22 نومبر کو پشاور میں دہشت گردی کا خدشہ ہے۔نیکٹا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بڑے اجتماع پر دہشت گرد حملے کی سازش کی جا رہی ہے اور پی ڈی ایم کا پشاور جلسہ دہشتگردوں کا ممکنہ ہدف ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم) کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ڈپٹی کمشنرمحمد علی اصغر کے مطابق پشاور میں کورونا میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،پشاورمیں کورونا کیسز کی شرح میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پشاور میں عوامی اجتماع کے باعث کورونا مزید پھیل سکتا ہے۔ کورونا پھیلنے کے خدشے کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان عارف اللہ اعوان نے کہا کہ ضلع میں دفعہ 144 کے تحت کورونا ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ڈی آئی خان میں کورونا سے متاثر ہونے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ڈی آئی خان میں 30 دن تک 5 یا زیادہ لوگوں کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔جلسے کی اجازت نہ ملے پر پیپلزپارٹی رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اجازت نہ دینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔