سرگودھا ،دیرینہ دشمنی پرمسلح افراد نے مخالف کے گھر فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل ،مقتول کی بیوی کو زخمی کر دیا

ہفتہ 21 نومبر 2020 13:03

سرگودھا ،دیرینہ دشمنی پرمسلح افراد نے مخالف کے گھر فائرنگ کر کے دو ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) سرگودھا کے چک 11بلوچاں والا میں دیرینہ دشمنی پرایک گروپ کے مسلح افراد نے مخالف کے گھر پر فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل اور مقتول کی بیوی کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ۔واقعہ کے خلاف لواحقین نے مقتول کی نعش سڑک پر رکھ کر روڈ بلاک احتجاج کرتے ہوتے ملزمان کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا کا مطالبہ کر دیا۔

جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او نے رپورٹ طلب کر لی۔زرائع کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے چک گیارہ بلوچاں والا میں بلوچ اور گجر گروپوں کے درمیان دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی جس پر گجر گروپ کے مسلح افراد گل محمد وغیرہ نے مخالف بلوچ گروپ کے محمد سیلم کے گھر جا کر فائرنگ کر دی۔جس کے نتیجہ میں محمد رمضان موقع پر جان بحق جبکہ محمد سیلم ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ اس کی بیوی الفت بی بی شدید زخمی ہو گئی اس واقعہ پر لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مقتول کی نعش سڑک پر رکھ کر بھیرہ چوک میں دھرنا دے کر ٹریفک جام کر دی اور مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ایک مقتول کی نعش پوسٹمارٹم کے بعد ورثائ کے سپرد کر دی اور مظاہرین سے مزاکرت میں یقین دلایا کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے کر ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دے دیا گیا۔جبکہ ڈی پی او سرگودھا ذوالفقار احمد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او بھلوال سے رپورٹ طلب کر کے ضابطہ کے مطابق کاروائی کرنے اور واردات میں ملوث ملزمان کو فل الفور گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔