سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کاانتظامی افسران کے ہمراہ سلہڈ کے مقام پر قبرستان کے لئے140 کنال اراضی کا معائنہ

ہفتہ 21 نومبر 2020 14:14

سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کاانتظامی افسران کے ہمراہ ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2020ء) سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے انتظامی افسران کے ہمراہ سلہڈ کے مقام پر قبرستان کے لئے140 کنال اراضی کا معائنہ کیا۔ اراضی کو موزوں قرار دے کرڈپٹی کمشنر کو محکمہ ایریگیشن، محکمہ مال سے میٹنگ کرکے پراسس مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایبٹ آباد کی عوام کو قبرستان اراضی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے جس کے لئے سابقہ اپنے وزارت کے دوران فنڈز منظور کروایا۔

سلہڈ میرا کے مقام پر اراضی خرید کر گھمبیر مسئلہ پر قابو پائیں گے جس کیلئے جلد ہی محکمہ ایریگیشن اور محکمہ مال سے میٹنگ کرکے اراضی خریداری کے عمل کو مکمل کریں گے۔انہوں نے کہاکہ قبل ازیں حویلیاں انٹرچینج کے قریب بھی جگہ کا معائنہ کیا تاہم ایبٹ آباد کے عوام کی وہاں رسائی مشکل تھی۔

(جاری ہے)

اب سلہڈ سے ملحقہ میرا کے مقام پر جگہ خریدی جائے گی جس کے لئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دے دی ہیں۔

قبل ازیں مشتاق احمد غنی نے سستا بازار کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کا معائنہ اور کاروبار کرنے والوں سے بات چیت کرتے ہوئے سستا بازار کے انعقاد کو خوش آئند اور صارفین کیلئے بہترین قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے ایک سو ارب کے قرضے ہونے کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کیلئے حکومت نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے سستے بازاروں کا انعقاد کیا۔واضح رہے کہ سستا بازار کاروبار کرنے والے افراد سے کوئی کرایہ بجلی کا بل نہیں لیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے صارفین کو بازار سے سستی چینی اور سرکاری ریٹ پر سستا آٹا فراہمی کے اقدامات کئے ہیں۔