بھارتی فلم سازوں کا ’بالی ووڈ کی بیویوں‘ پر جھگڑا

کرن جوہر اور اپوروا مہتا نے اپنی ویب سیریز کا نام میری آنیوالی فلم سے متاثر ہوکر 'فیبلس لائیوز آف بالی ووڈ وائیوز' رکھا،مدھر بھنڈارکر

ہفتہ 21 نومبر 2020 16:20

بھارتی فلم سازوں کا ’بالی ووڈ کی بیویوں‘ پر جھگڑا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) رنگیلا، فیشن، ہیروئن، اندو سرکار، ٹریفک سگنل اور پیج تھری' جیسی شاندار فلمیں بنانے والے بالی وڈ فلم ساز 52 سالہ مدھر بھنڈارکر نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم ساز کرن جوہر اور اپوروا مہتا نے ان کی فلم ’بالی ووڈ کی بیویوں‘ کا ٹائٹل چوری کیا ہے۔مدھر بھنڈارکر نے یہ دعویٰ حال ہی میں کرن جوہر اور اپوروا مہتا کی آنے والی نیٹ فلیکس سیریز 'فیبلس لائیوز آف بالی ووڈ وائیوز' یعنی بولی وڈ ستاروں کی بیویوں کی شاندار زندگی کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد کیا۔

مدھر بھنڈارکر نے 20 نومبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں فلم ساز کرن جوہر اور اپوروا مہتا کو مینشن کرتے ہوئے بتایا کہ ان سے دونوں فلم سازوں نے اپنی آنیوالی فلم بالی ووڈ وائیوز' یعنی بالی ووڈ کی بیویوں کا نام تبدیل کرنے کا کہا تھا مگر انہوں نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان کی جانب سے کرن جوہر اور اپوروا مہتا کی درخواست مسترد کئے جانے کے بعد دونوں فلم سازوں نے اپنی سیریز کا نام ان کی آنیوالی فلم سے ملتا جلتا رکھا جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

مدھر بھنڈارکر نے لکھا کہ کرن جوہر اور اپوروا مہتا نے اپنی ویب سیریز کا نام ان کی آنیوالی فلم سے متاثر ہوکر ہی 'فیبلس لائیوز آف بالی ووڈ وائیوز' رکھا۔انہوں نے دونوں فلم سازوں سے اپیل کی کہ وہ ان کی آنیوالی فلم کو متاثر نہ کریں اور وہ اپنی سیریز کا نام تبدیل کریں تو ان کی مہربانی ہوگی۔اسی حوالے سے بھارتی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مدھر بھنڈارکر نے دعویٰ کیا کہ کرن جوہر اور اپوروا مہتا نے ان کا 'بالی ووڈ کی بیویوں' کا ٹائٹل چرا لیا۔

اگرچہ تاحال کرن جوہر اور اپوروا مہتا نے مدھر بھنڈارکر کے دعووں پر کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم سوشل میڈیا پر لوگ مدھر بھنڈارکر کا ساتھ دے رہے ہیں۔بھارتی میڈیاکے مطابق مدھر بھنڈارکر نے کچھ سال قبل ہی بالی ووڈ وائیوز' کے نام سے فلم ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے اس نام کی رجسٹریشن بھی کروا رکھی ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی فلم کب تک ریلیز ہوگی۔

مدھر بھنڈارکر کی فلم کی کہانی ممکنہ طور پر بولی وڈ کے بڑے اداکاروں شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان، شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت اور اکشے کمار کی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی زندگی پر مبنی ہوگی۔دوسری جانب کرن جوہر اور اپوروا مہتا کی آنیوالی سیریز کے ٹریلر کی کہانی بھی بولی وڈ اسٹارز کی 4 بیویوں کے گرد گھومتی ہے۔'فیبلس لائیوز آف بالی ووڈ وائیوز' یعنی بولی وڈ ستاروں کی بیویوں کی شاندار زندگی کے جاری کیے ٹریلر میں اسٹارز کی 4 خوبرو بیویوں کو بظاہر پر تعیش زندگی گزارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح بولی وڈ اسٹارز کی بیویوں شوہروں کے پیسے اور نام سے عیاشی کرتی ہیں مگر ساتھ ہی انہیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا بھی رہتا ہے۔مختصر ٹریلر میں شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری خان کی جھلک بھی دکھائی گئی تھی، جس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ سیریز کی کہانی ممکنہ طور پر شاہ رخ خان کی اہلیہ سمیت دیگر بڑے اسٹارز کی بیویوں پر مبنی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔کرن جوہر اور اپوروا مہتا کی ویب سیریز کو نیٹ فلیکس پر رواں ماہ 27 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا۔