سی پی جے نے امل کلونی سمیت دیگر صحافیوں کو ایوارڈز سے نواز دیا

ہفتہ 21 نومبر 2020 16:20

سی پی جے نے امل کلونی سمیت دیگر صحافیوں کو ایوارڈز سے نواز دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2020ء) صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والی عالمی تنظیم، کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے انسانی حقوق کی کارکن و قانون دان امل کلونی سمیت دیگر چار صحافیوں کو سال 2020 کے 'گوین ایفل' اور 'پریس فریڈم' ایوارڈز دے دیئے۔کورونا کی وبا کے باعث رواں سال ایوارڈز تقریب ورچوئل منعقد کی گئی، جسے سی پی جے کی ویب سائٹ سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ٹی وی چینلز پر بھی نشر کیا گیا۔

رواں سال کا 'پریس فریڈم' ایوارڈ بنگلہ دیش، ایران، نائیجریا اور روس کے 4 صحافیوں کو مشترکہ طور پر دیا گیا۔جبکہ اس سال کا 'گوین ایفل' ایوارڈ انسانی حقوق کی کارکن، قانون دان و صحافی امل کلونی کو دیا گیا۔اس سال کا 'پریس فریڈم ایوارڈ' ایوارڈ بنگلہ دیش کے فوٹو جرنلسٹ شاہد العالم، ایران کے محمد موساد، نائیجیریا کے ڈاپو الورنیومی اور روس کی سویتلانا پروکوپییوا کو دیا گیا۔

(جاری ہے)

چاروں صحافیوں کو معلومات کو درست انداز میں عوام تک پہنچانے، ریاستی و حکومتی پالیسیوں و جبر کو بے نقاب کرنے،کرپشن جیسے معاملات کو سامنے لانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر رپورٹنگ کرنے پر ایوارڈ دیا گیا۔اسی طرح امل کلونی کو 'گوین ایفل' ایوارڈ سے بھی نوازا گیا، وہ مذکورہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی انسانی حقوق کی کارکن ہیں، اس سے قبل یہی ایوارڈ صحافیوں کو دیا جاتا رہا۔

سی پی جے نے یہ ایوارڈ معروف خاتون امریکی صحافی گوین ایفل کے نام سے 2016 میں شروع کیا تھا اور یہی ایوارڈ 2019 میں ڈان کے ایڈیٹر ظفر عباس کو بھی دیا گیا تھا۔گوین ایفل کا پہلا ایوارڈ 2017 میں امریکی خاتون صحافی جڈی ووڈرف جب کہ 2018 کا ایوارڈ فلپائن کی خاتون صحافی ماریا ریسا کو دیا گیا تھا۔'گوین ایفل' کی تقریب میں اداکار میرل اسٹریپ سے بات کرتے ہوئے امل کلونی نے صحافیوں کی عالمی تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔

امل کلونی نے اداکارہ میرل اسٹریپ سے مزاحیہ انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ انہوں نے اداکارہ کی طرح زیادہ ایوارڈز نہیں جیتے، تاہم ان دونوں میں ایک بات مشترک ہے۔امل کلونی نے کہا کہ انہوں نے اور میرل اسٹریپ نے ایک ہی مرد سے شادی کی اور یہی بات ان کی مشترکہ ہے۔امل کلونی نے واضح کیا کہ انہوں نے اداکار جارج کلونی سے حقیقت میں شادی کی جب کہ میرل اسٹریپ نے ان کے شوہر سے 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم فانٹیسٹک مسٹر فاکس میں شادی کی تھی۔