علامہ خادم حسین رضوی سپردخاک

تحریک لبیک پاکستان کے مرحوم امیر کی مدرسہ ابوذر غفاری میں تدفین کی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 نومبر 2020 15:21

علامہ خادم حسین رضوی سپردخاک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو سپرد خاک کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی کے مرحوم امیر کو مدرسہ ابوذر غفاری میں سپردخاک کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کی تدفین ان کی رہائشگاہ مدرسہ ابوذر غفاری میں ہی کی گئی ہے ، جس کی تیاریاں پہلے سے مکمل کر لی گئی تھیں ، علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کے لیے ان کے جسد خاکی کو پہلے مینار پاکستان جبکہ نماز جنازہ کے بعد دوبارہ ان کی میت کو ان کی رہائشگاہ پر لایا گیا ، جہاں ان کی تدفین کردی گئی ۔

قبل ازیں علامہ خادم حسین رضوی کے جنازے میں رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن سمیت لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے ، ایمبولینس کے ہمراہ مینار پاکستان کی جانب بڑھنے والے کارکنوں کے قافلے پر راستے میں جگہ جگہ کھڑے افراد نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ، خادم حسین رضوی کی میت کو ایمبولینس میں مسجد رحمت اللعالمین سے گریٹر اقبال پارک لے جایا گیا ، نماز جنازہ کے لیے آنے والوں کو تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی جب کہ مینار پاکستان گراؤنڈ سے مسلسل لبیک یارسول اللہ کی صدائیں بلند ہوتی ر ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ، ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات تھے ، 03 ایس پیز، 14 ڈی ایس پیز، 31 ایس ایچ اوز، 116 اَپر سب آرڈینیٹس نے فرائض سر انجام دیے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی لاہور میں وفات پاگئے تھے ، خادم رضوی چند روز سے بخار میں مبتلا تھے، طبیعت زیادہ خراب ہونے پرمولانا خادم رضوی کو شیخ زید اسپتال پہنچایا گیا، اسپتال انتظامیہ کاکہنا تھا خادم رضوی جب اسپتال پہنچے تو انتقال کرچکے تھے۔