پنجاب میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ’انصاف میڈیسن کارڈ‘ کا آغاز

کارڈ حاصل کرنے والے شہری کسی بھی سرکاری ہسپتال سے مفت ادویات آسانی سے حاصل کر سکیں گے ، وزیراعلیٰ کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 21 نومبر 2020 15:30

پنجاب میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے ’انصاف میڈیسن کارڈ‘ کا آغاز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 نومبر2020ء) صوبے میں مفت ادویات کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت نے انصاف میڈیسن کارڈ کا آگاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پنجاب میں ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور ایڈز جیسی بیماریوں کےمریضوں کو مُفت ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے انصاف میڈیسن کارڈ کا آج سے آغاز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اس کارڈ کے ذریعے رجسٹرڈ مریض پنجاب بھر میں موجود ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں سے کسی بھی ہسپتال سے مفت ادویات آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔
اس سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا بھی افتتاح کیا ، تفصیلات کے مطابق باہمت بزرگ پروگرام کے تحت 65 سال اور زائد عمر کے افراد کو ہر 3 ماہ بعد 6 ہزار روپے سوشل پینشن کی مد میں دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے باہمت بزرگ پروگرام کے لیے ابتدائی طور پر 2 ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ، پروگرام کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 23 نومبر 2020 سے کیا جائے گا جو کہ تین ماہ جاری رہے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پروگرام سے مستحق بزرگ شہریوں کی معاشی بحالی ہوگی، حکومت کی تمام پالیسیوں کا محور پسماندہ طبقے کی بحالی ہے، ہم ریاست مدینہ کے خواب کی تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں، باہمت بزرگ پروگرام ریاست مدینہ کی طرف ایک سنگ میل ہے، عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم نے ریاست مدینہ کاجوتصور دیا ہم اس کی جانب بڑھیں گے، ریاست مدینہ کا حصول ایک لمبا اور صبر آزما کام ہے، ہمارے بزرگ ہماری ذمہ داری ہیں۔

حکومت نےبزرگوں،متاثرہ افراد کے لیے پروگرام شروع کیا ، یہ سوشل پنشن پروگرام ہے، ابتدائی طور پر 2 ارب روپے مختص کیے ہیں، ریاست مدینہ کے اصولوں پر چل کر کمزور طبقوں کو اوپر لے کر جائیں گے۔